حیدرآباد 4 ڈسمبر (سیاست نیوز ) آصف نگر کے علاقہ جھرہ میں پیش آئے انتہائی افسوس ناک واقعہ سے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی جہاں شوہر کے ناجائز تعلقات ،جہیز و ہراسانی سے تنگ آکر خاتون نے اپنی دو کمسن لڑکیوں کے ہمراہ پانی کے سمپ میں چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔ اس کربناک منظر کو دیکھنے عوام اُمڈ پڑی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 24 سالہ شاہنور بیگم نے اپنی تین سالہ لڑکی آفرین اور 4 ماہ کی شیر خوار ضوبیہ کے ہمراہ خودکشی کرلی تاہم اس خودکشی پر شبہات کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ اطلاع کے عام ہوتے ہی پولیس کی بھاری جمعیت جھرہ پہنچ گئی اور آصف نگر کے اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس مسٹر محمد غوث معین الدین نے شاہنواز بیگم کے مکان کا جائزہ لیا ۔ شاہنور بیگم جھرہ آصف نگر علاقہ کے ساکن محمد نواز کی بیوی تھی ان کی شادی سال 2011 میں ہوئی تھی ۔شادی کے وقت نواز کو دیڑھ لاکھ روپئے نقد رقم ایک موٹر سیکل اور 6 تولے طلائی زیورات و ضروری ساز و سامان دیا گیا تھا تاہم پیشہ سے گل فروش لالچی نواز شادی کے چند ماہ بعد ہی سے اپنی بیوی کو ہراساں کرنے لگا تھا اور زائد جہیز کیلئے اپنی بیوی پر ظلم ڈھا یا کرتا تھا اور اس خاتون کو ذہنی و جسمانی اذیت کا شکار بناتا تھا ۔ متوفی خاتون کے رشتہ داروں کے مطابق نواز کے اس ظلم میں اس کے والدین بھی برابر کے ذمہ دار تھے ۔ ان کے رشتہ اور لڑائی جھگڑے کے تعلق سے دو مرتبہ پنچایت بھی بٹھائی گئی تھی جس کے باوجود شاہنور بیگم پر ظلم و زیادتی میں کوئی کمی نہیں ہوئی تھی۔ جس سے تنگ آکر اس نے یہ انتہائی اقدام کیا ۔ کل رات بھی نواز نے اپنی بیوی پر ظلم ڈھایا تھا اور اسے مار پیٹ کی۔ اس سلسلہ میں اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس آصف نگر مسٹر غوث معین الدین نے بتایا کہ خاتون نے رات میں اپنے بھائی کے فون پر ایس ایم ایس کیا تھا اور اپنی جان کو خطرہ لاحق ہونے کا خود بتایا تھا اور آج صبح بھی اس نے بھائی کو فون پر ظلم و زیادتی کی اطلاع دی تھی تب اس کے بھائی نے بھروسہ دلایا تھا کہ وہ اس کے مکان آرہا تھا تاہم اسی اثناء خاتون نے انتہائی اقدام کرلیا ۔ اے سی پی آصف نگر نے بتایا کہ خاتون کے والدین کی شکایت کے مطابق جہیز و ہراسانی و ظلم و زیادتی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔