خاتون کھلاڑیوں سے امتیازی سلوک‘کیرولین کی انتظامیہ پر تنقید

لندن ۔8 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) ڈنمارک کی سابق عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی کیرولین ووزنیاکی نے ومبلڈن کی انتظامیہ پر صنفی امتیاز کا الزام لگایا ہے اور کہا ہے کہ خواتین کھلاڑیوں کو بڑے کورٹس پر کھیلنے کا کم ہی موقع دیا جاتا ہے۔انھوں نے یہ بات چوتھے راؤنڈ میں اسپین کی گیبرین مگوروزا کے خلاف شکست کے بعد پریس کانفرنس میں کہی۔24 برس کی ووزنیاکی نے کہا کہ وہ خود بھی بڑے کورٹس پر بڑے شوق سے کھیلنا چاہیں گی لیکن خواتین کھلاڑیوں کو اِس کا موقع کم ہی دیا جاتا ہے۔کورٹ نمبر ایک اور سینٹر کورٹ پر ایک دن میں خواتین کا صرف ایک ہی میچ رکھا جاتا ہے جبکہ کورٹ نمبر دو پر بھی پچھلے پورے ہفتے خواتین کا صرف ایک ہی میچ ہوا تھا۔کیرولین نے زور دے کر کہا کہ وہ صرف یہی کہہ سکتی ہیں کہ خواتین کھلاڑیوں کے لئے صورتحال مختلف ہوتی ہے۔ بہت ساری دوسری خواتین کھلاڑی بھی یہی محسوس کرتی ہیں کہ بڑے کورٹس پر بڑے مجمع کے سامنے کھیلنا اْن کا بھی حق ہے۔ومبلڈن کے میزبان آل انگلینڈ کلب نے کیرولہن کے بیان پر تبصرے سے انکار کر دیا ہے۔