خاتون کو نذرآتش کرنے والا قاتل راکیش گرفتار

گورکھپور یو پی میں رچہ کنڈہ پولیس کی کارروائی ، اے سی پی ملکاجگیری کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /6 اگست ( سیاست نیوز ) میڑپلی پولیس نے خاتون کو زندہ جلانے والے قاتل کو گرفتار کرلیا ۔ رچہ کنڈہ پولیس کی خصوصی ٹیم نے ریاست اترپردیش کے گورکھپور سے اس قاتل 25 سالہ راکیش کو گرفتار کرلیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس ملکاجگیری ڈیویژن مسٹر سندیپ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ بوڈاپل کے ساکن شیخ محمود نے شکایت کی تھی کہ ان کی بیٹی 30 سالہ سید شنو کو زندہ جلادیاگیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق راکیش اس خاتون سے شادی کرنے کی ضد کر رہا تھا اور متوفی خاتون اس قاتل سے شادی کرنے کیلئے راضی نہیں تھی ۔ شنو نے 8 سال قبل شوہر سے علحدگی اختیار کرلی تھی اور اپنے دو بچوں کے ہمراہ والد کے ساتھ رہتی تھی ۔ 27 جولائی کی رات راکیش نشہ کی حالت میں شنو کے مکان پہونچا اور شادی کیلئے دباؤ ڈالنے لگا ۔ شنو کے بعد بار بار انکار سے وہ برہم ہوگیا اور اس نے کیروسین چھڑک کر آگ لگادی اور اس کے آبائی مقام فرار ہوگیا ۔ شکایت حاصل ہونے کے بعد میڑپلی پولیس نے ابتدائی تحقیقات کا آغاز کیا اور خصوصی ٹیم کو تشکیل دیتے ہوئے گورکھپور روانہ کیا ۔ پولیس نے 4 اگست کے دن راکیش کو گورکھپور اترپردیش میں گرفتار کرلیا اور آج یہاں اسے پیش کیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ قاتل راکیش سال 2010 میں حیدرآباد میں زندگی کی گذر بسر کیلئے آیا تھا اور اس نے پینٹنگ کا کام شروع کیا ۔ 4 سال قبل اس کی پہچان شنو سے ہوئی اور ملاقات کے بعد دوستی اور اس نے شادی کا فیصلہ کرلیا تھا ۔ لیکن شادی کیلئے متوفیہ تیار نہیں تھی ۔ پولیس نے قاتل کو گرفتار کرلیا ۔