حیدرآباد۔/23مارچ، ( سیاست نیوز) خاتون مسافرین کے ساتھ دست درازی اور انہیں ہراساں کرنے والے ایک بس کنڈکٹر کو شی ٹیم راچہ کنڈہ نے گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک متاثرہ لڑکی کی بذریعہ واٹس اپ شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے شی ٹیم نے 50 سالہ سرینواس گپتا کو گرفتار کرلیا جو بنڈلہ گوڑہ بس ڈپو سے وابستہ ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق لڑکی جو ایک طالبہ ہے ہر دن اس بس میں سفر کی تھی جس بس کا کنڈکٹر گپتا تھا۔ لڑکی نے کئی مرتبہ اس کنڈکٹر کی حرکتوں کو اس کے موبائیل فون میں قید کرنے کی کوشش کی لیکن بس میں بھیڑ ہونے کے سبب یہ ممکن نہیں ہوسکا۔ جس کے بعد لڑکی نے مسئلہ کو شی ٹیم سے رجوع کردیا اور بس کا ٹکٹ نمبر اور ٹکٹ کو راچہ کنڈہ پولیس کے واٹس اپ پر روانہ کردیا جس کے فوری بعد حرکت میں آتے ہوئے پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔ یہ کنڈکٹر بس میں خاتون مسافرین کو زبردستی چھوتا اور ناقابل بیان حرکتیں کرتے ہوئے انہیں پریشان کرتا تھا اور ہر دن اس کا یہ معمول بن گیا تھا۔ گپتا حیات نگر تا مہدی پٹنم روٹ پر خدمات انجام دیتا تھا۔