خاتون سے دست درازی اور دھمکانے کے خلاف مقدمہ درج

حیدرآباد۔/5مارچ، ( سیاست نیوز) خاتون سے مبینہ دست درازی اور دھمکانے کے الزام میں کنچن باغ پولیس نے وہاں کے روڈی شیٹر اور اس کے ساتھیوں پر ایک مقدمہ درج کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ 35 سال سمیناز اقبال ساکن حافظ بابا نگر کنچن باغ نے پولیس سے ایک شکایت درج کروائی جس میں یہ الزام عائد کیا کہ /2 فبروری کی شب روڈی شیٹر عبدالستار اس کا بھائی عبدالجبار اور دیگر ساتھیوں کی مدد سے لاٹھیوں اور آہنی سلاخوں سے ان کے ارکان خاندان پر مبینہ طور پر حملہ کرتے ہوئے مکان میں موجود خواتین سے مبینہ طور پر دست درازی کی تھی ۔ انہوں نے اپنی شکایت میں یہ بتایا کہ عبدالستار اور اس کے ساتھیوں نے انہیں اور ان کی ماں کو ایک کمرے میں محروس رکھ کر انہیں دھمکایا اور مبینہ دست درازی کی اور انہیں مکان سے باہر لیکر گھسیٹ کر لے آیا ۔ کنچن باغ پولیس نے خاتون کی شکایت موصول ہونے پر روڈی شیٹر اور اس کے ساتھیوں کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 354 (خاتون سے دست درازی) ‘ 452 ‘ 506 اور 324 کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ حافظ بابا نگر میں واقع اراضی پلاٹ کے سلسلے میں تنازعہ چل رہا ہے جس کے سبب دو دن قبل بھی فرزانہ بیگم پر حملہ کرنے کا ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا اور سٹی پولیس کے اعلی عہدیداروں کی ہدایت پر دونوں مقدمات کی تحقیقات کی جارہی ہے ۔