حیدرآباد /4 ستمبر ( سیاست نیوز ) راجندر نگر پولیس نے تین عادی خاتون سارقین کو گرفتار کرلیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس راجندر نگر مسٹر گنگاریڈی کے مطابق 50 سالہ چاندبی 21 سالہ رمضانی ساکن بنڈلہ گوڑہ اور 32 سالہ بی لکشما اماں ساکن الوال متوطن وقارآباد ضلع کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کے مطابق یہ خاتون سارقین 7 مقدمات میں ملوث تھیں ۔ پولیس کے مطابق چاند بی اور رمضانی ماں بیٹی بتائی گئیں ۔ جبکہ لکشما اماں عرف حسینہ جو الوال میں رہتی تھی ان کی ساتھی ہے یہ تینوں سیندھی نوشی کرنے کی عادی ہوگئیں تھیں اور ناکافی ذرائع آمدنی کے سبب سیندھی خانوں کو آنے والی ضعیف خاتون کو اپنا شکار بناتی تھیں اور توجہ ہٹاکر سرقہ انجام دیتی تھیں ۔ چاند بی اور لکشما اماں سابق میں پولیس کارراوئیوں کے دوران جیل کی سزا کاٹ چکی ہیں ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 5.5 تولہ طلائی زیورات 80 تولہ چاندی جو کل 2 لاکھ روپئے مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا۔