کانسٹیبل کے خلاف محکمہ جاتی تحقیقات، ایس پی محبوب نگرکا اقدام
حیدرآباد ۔ 30 ستمبر (سیاست نیوز) خاتون پولیس کانسٹیبل کی آر ٹی سی بس میں خاتون کنڈیکٹر کے ساتھ کی گئی بدسلوکی کا ویڈیو سوشیل میڈیا میں وائرل ہوگیا جس کا جائزہ لینے کے بعد ایس پی ضلع محبوب نگر انورادھا نے خاتون کانسٹیبل کو ہیڈکوارٹر سے اٹائچ کرتے ہوئے محکمہ جاتی تحقیقات کرانے کے احکامات جاری کردیئے۔ حالیہ دنوں میں آر ٹی سی بسوں میں چند پولیس ملازمین کا نازیبا رویہ سارے محکمہ پولیس کیلئے بدنامی کا ذریعہ بن رہا ہے۔ آر ٹی سی مزدور تنظیموں کے قائدین نے بتایا کہ آر ٹی سی بسوں میں سوار ہونے والے پولیس ملازمین کنڈیکٹر کی جانب سے ٹکٹ طلب کرنے پر آن ڈیوٹی ہونے کا جواب دے رہے ہیں۔ وارنٹ طلب کرنے پر وارنٹ کے بجائے آئی ڈی کارڈ دکھا رہے ہیں۔ آئی ڈی کارڈ کو ناقابل قبول قرار دینے پر کنڈیکٹر اور ڈرائیور کے ساتھ الجھ رہے ہیں۔ تین دن قبل ضلع محبوب نگر کی ایک آر ٹی سی بس میں خاتون پولیس کانسٹیبل جی رجیتا کماری سوار ہوئی۔ خاتون کنڈیکٹر نے ٹکٹ طلب کیا جس پر خاتون کانسٹیبل نے آن ڈیوٹی ہونے کا جواب دیتے ہوئے آئی ڈی کارڈ پیش کیا، جس پر خاتون کنڈیکٹر نے شناختی کارڈ آر ٹی سی بس میں قابل قبول نہ ہونے کا عذر پیش کرتے ہوئے وارنٹ ہو تو بتانے یا ٹکٹ لینے پر زور دیا جس پر خاتون کانسٹیبل برہم ہوگئی اور خاتون کنڈیکٹر سے اتنی بدسلوکی کی کہ معاملہ ہاتھاپائی تک پہنچ گیا۔ بس میں سوار ایک مسافر نے سارے واقعہ کو اپنے سیل فون میں قید کرتے ہوئے سوشیل میڈیا پر پیش کردیا جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا۔ سوشیل میڈیا پر وائرل ہونے والے ویڈیو کا ضلع محبوب نگر کی ایس پی انورادھا نے سخت نوٹ لیا اور خاتون کانسٹیبل کو ضلع پولیس ہیڈکوارٹر سے اٹائچ کرتے ہوئے محکمہ جاتی تحقیقات کرانے کے احکامات جاری کردیئے۔ آر ٹی سی مزدوت تنظیموں کے نمائندوں نے خاتون کنڈیکٹر کے موقف کی بھرپور تائید کی اور قصوروار پولیس کانسٹیبل کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا محکمہ پولیس سے مطالبہ کیا اور کہاکہ آئے دن ایسے کئی واقعات پیش آتے ہیں۔ پولیس ملازمین کا آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ ناقابل برداشت رویہ ہوتا ہے۔ اس کی محکمہ پولیس اور آر ٹی سی انتظامیہ سے شکایت کرنے کے باوجود ایسے واقعات کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔