خاتون انجینئر کی عصمت ریزی کے الزام میں آٹو اور کیاب ڈرائیورس گرفتار

حیدرآباد 23 جنوری (سیاست نیوز ) ممبئی پولیس کی کرائم برانچ نے حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی خاتون سافٹ ویر انجینئر انوہیا کی عصمت ریزی و قتل کیس کے سلسلہ میں 9 آٹو اور کیاب ڈرائیورس کو حراست میں لے لیا۔ ممبئی پولیس کے ذرائع نے سیاست نیوز کو بتایا کہ4 جنوری کو کرسمس اور سال نو منانے کے بعد وہ ممبئی کیلئے روانہ ہوگئی تھی لیکن وہ پراسرار طور پر ممبئی کے لوک مانیا تلک ٹرمینس ریلوے اسٹیشن سے لاپتہ ہوگئی تھی۔ اسی دوران ممبئی پولیس کو انوہیا کی انتہائی مسخ شدہ نعش دستیاب ہونے پر قتل کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا تھا۔

ممبئی پولیس کے ذرائع نے مزید بتایا کہ انہیں ایک آٹو ڈرائیور پر شبہ ہے جس نے 5 جنوری کی شب اپنی سالگرہ اپنے ساتھی ڈرائیورس کے ساتھ منائی تھی اور باور کیا جاتا ہے کہ مقتولہ سافٹ ویر انجینئر کو ڈرائیورس نے نشیلی دوا سونگھا کر بے ہوش کردیا اور بعدازاں اس کی اجتماعی عصمت ریزی کی اور قتل کردیا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ حراست میں لئے گئے 9آٹو و کیاب ڈرائیورس اس قتل میں ملوث ہوسکتے ہیں چونکہ وہ سابق میں بھی اسی قسم کی واراداتوں میں ملوث پائے جاتے ہیں۔ ممبئی پولیس کے ذرائع نے مزید بتایا کہ حراست میں لئے گئے افراد کی کڑی تفتیش کی جارہی ہے اور انہیں امید ہے کہ اس کیس میں انہیں عنقریب سراغ حاصل ہوگا۔