ح42 حلقوں میں کانگریس ۔ شیوسینا میچ فکسنگ

چھترپتی شیواجی مہاراشٹرا اور ممبئی سے غداری‘ بی جے پی کا الزام
ممبئی ۔ 5فبروری( سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج دعویٰ کیا کہ ممبئی میونسپل کارپوریشن کے آحر رواں ماہ ہونے والے انتخابات میں کانگریس اور شیوسینا نے 42حلقوں میں میچ فکسنگ ( خفیہ ساز باز) کی ہے ۔ بی جے پی سٹی یونٹ کے صدر اشیش شیلر نے کہا کہ ’’ ان دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے کو فائدہ پہنچانے کیلئے کمزور امیدوار نامزد کئے ہیں ‘‘ ۔ بی جے پی نے آج یہاں سب سے پہلے ’’ ہوتاتما سمارگ‘‘ پر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے اپنی مہم کا آغاز کیا ۔ واضح رہے کہ1960ء سے قبل ممبئی کے مہاراشٹرا میں انضمام کیلئے احتجاج کرتے ہوئے شہید ہوئے تھے ۔ مرکزی و ریاستی حکومتوں میں شیوسینا ‘ بی جے پی کی حلیف ہے لیکن بلدی انتخابات میں کسی سے مفاہمت کے بغیر تنہا مقابلہ کررہی ہے ۔ ملک کے اس دولتمند ترین بلدی ادارہ ( بی ایم سی ) پر یہ دونوں زعفرانی جماعتیں بی جے پی ۔ شیوسینا گذشتہ دو دہائیوں سے قابض ہیں ۔ 227 رکنی بی ایم سی کے انتخابات 21 فبروری کو منعقد ہوں گے ۔ اشیش شیلر نے بی جے پی امیدواروں کی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ سنجے نروپم کی قیادت میں کانگریس کی ممبئی یونٹ اور شیوسینا کے درمیان کسی قسم کی خفیہ ساز باز ہوچکی ہے ۔ ان دونوں جماعتوں کا ایجنڈا بی جے پی کو شکست دینا ہے ۔ یہ دراصل ان دونوں جماعتوں کا اعتراف شکست بھی ہے ۔ ان دونوں جماعتوں نے چھترپتی شیواجی ‘ ممبئی اور مہاراشٹرا سے دھوکہ دہی اور غداری کی ہے ‘‘ ۔