حیدر آباد کرناٹک کی ترقی کیلئے 600کروڑ روپیوں کا عملی منصوبہ

گلبرگہ۔9۔ اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گورنر کرناٹک مسٹر وجو بھائی رودا بھائی والا نے سال 2014-15کے دوران علاقہ حیدر آباد کرناٹک کی ترقی کے لئے حیدر آباد کرناٹک علاقائی ترقیاتی بورڈ کے 600کروڑ روپیوں کے منصوبہ عمل کی توثیق کردی ہے۔ منصوبہ کے تحت علاقہ حیدر آباد کرناٹک کے چھ اضلاع کے ڈپٹی کمشنروںکو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے علاقوں کے ارکان اسمبلی کی جانب سے ترقیاتی کاموں سے متعلق مشوروں کی فہرست روانہ کریں۔حیدرآباد کرناٹک ریجنل ڈیولپمنٹ بورڈ کے اولین صدر نشین الحاج ڈاکٹر قمر الاسلام جو کرناٹک کے میونسپل ایڈمنسٹریشن کے وزیر بھی ہیں ، ایک صحافتی بیان میں کہا کہ انھوں نے گورنر کرناٹک کو حیدر آباد کرناٹک ریجنل ڈیولپمنٹ بورڈ کی سال رواں کے اواخر میں منعقد شدنی اجلاس کی صدارت کرنے کی دعوت دی گئی تو جسے گورنر موصوف نے قبول کرلیا ہے۔ اس اجلاس میں بورڈ کے مختلف ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا جائیگا۔ الحاج قمر الاسلام نے نے کہا ہے کہ مذکورہ بالا منصوبہ عمل گورنر کو ماہ جولائی میں ہی پیش کردیا گیا تھا۔ گورنر ایچ آر بھردواج کی معیاد عہدہ ختم ہوجانے کے بعد کچھ دنوں کے لئے تامل ناڈو کے گورنر کے روشیا نے کرناٹک کے گورنر کی اضافی ذمہ داریاں بھی سنبھالی تھیں۔ اس طرح مذکورہ بالا ایکشن پلان کی توثیق میں تاخیر ہوتی رہی۔ لیکن جیسے ہی نئے گورنر نے اپنے عہدہ کا جائزہ لیا ،انہوں نے اندرون دو یوم اس منصوبہ عمل کی توثیق کردی۔ الحاج ڈاکٹر قمر الاسلام نے کہا ہے کہ 600کروڑ روپیوں کا 16فی صد حصہ بڑے پروجیکٹوں پر خرچ کیا جائیگا۔ چار فی صد فنڈس ایڈمنسٹریشن کے لئے استعمال کئے جائیں گے۔ مابقی فنڈس کا استعمال مائیکرو پروجیکٹس کی تکمیل کیلئے استعمال کیا جائیگا تاکہ ترقی کے کلیدی شعبوں میں موجود خلاء کو پر کیا جاسکے۔ الحاج قمر الاسلام نے کہا کہ بورڈ نے میگا پروجیکٹس کے ضمن میں تخمینے اور ڈیزائینس تیار کروانے کے کام شروع کردئے ہیں ۔ان میگا پروجیکٹس پر منظورہ فنڈس کے جملہ 16فی صد فنڈس استعمال کئے جائینگے۔انھوں نے کہاکہ ارکان اسمبلی کی جانب سے ترقیاتی کاموںکے ضمن میںتجاویز کی وصولی میں تاخیر کے سبب مائیکرو پروجیکٹس کیلئے ٹنڈروںکی طلبی میں تاخیر ہوئی ہے۔ انھوں نے کہ بیدر ، رائچور،یادگیر، کوپل اور بلاری کے ضلع انچارج وزراء سے خواہش کی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی کی ترقیاتی کاموں سے متعلق تجاویز حاصل کرکے جلد از جلد بورڈ میں داخل کروادیں تاکہ تخمینے تیار کرواکر ٹنڈرس طلب کروائے جاسکیں ۔ ایک سوال کے جواب میں الحاج قمر الاسلام نے کہا کہ سال 2013-14کے دوران بورڈ کو ترقیاتی کاموں کے لئے جو 150کروڑ روپئے منظور کئے گئے تھے ان کے استعمال کے لئے بورڈ کو کوئی بھی تجاویز وصول نہیں ہوئیں ۔ ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے الحاج قمر الاسلام نے کہا کہ پرائیم منسٹر گرام سڑک یوجنا کے قواعد اور خطوط کے مطابق تمام کاموں کے لئے تخمینے تیار کئے جائیں گے تاکہ کاموں میں یکسانیت برقرار رہ سکے۔ اضلاع سے تجاویز کی وصولی کے بعد تخمینے تیار بعد ازاں ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے۔