حیدرآباد و سائبرآباد میں سڑک حادثات چار افراد بشمول لڑکی ہلاک

حیدرآباد ۔ یکم جنوری (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد و سائبرآباد حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں 4 افراد بشمول ایک شیرخوار لڑکی فوت ہوگئی۔ تاہم میرپیٹ کے واقعہ میں متوفی کے رشتہ داروں نے ہاسپٹل کے روبرو دھرنا منظم کیا۔ ہمایوں نگر پولیس کے مطابق 24 سالہ سریکانت ریڈی جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا، مارپلی ضلع رنگاریڈی میں رہتا تھا۔ کل رات یہ شخص موٹر سیکل پر مانصاحب ٹینک فلائی اوور سے گزر رہا تھا کہ موٹر سیکل بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہوگئی اور علاج کے دوران رات دیر گئے ہاسپٹل میں فوت ہوگیا۔ سیف آباد پولیس کے مطابق 20 سالہ سائی رام جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا، امیرپیٹ کے علاقہ میں واقع ایک ہاسپٹل میں رہتا تھا جس کا آبائی مقام جگتیال ضلع کریم نگر بتایا گیا ہے۔ آج صبح کے وقت یہ شخص موٹر سیکل پر تلگو تلی فلائی اوور کے قریب سے گزر رہا تھا کہ آر ٹی سی بس کی زد میں آکر فوت ہوگیا۔ گاندھی نگر پولیس کے مطابق ایک سالہ لڑکی ساریکا جو گاندھی نگر علاقہ کے ساکن نرسمہا کی بیٹی تھی، نرسمہا اپنی بیوی ہیما لتا کے ہمراہ ایک لکڑی کے ڈپو میں کام کرتا تھا اور اسی ڈپو میں رہتا تھا۔ اس کی ایک سالہ شیرخوار لڑکی ڈپو میں کھیل رہی تھی۔ آٹو ریورس لینے کے دوران بچی آٹو کی زد میں آکر ہلاک ہوگئی۔ میرپیٹ پولیس کے مطابق 25 سالہ پریم کمار جو پیشہ سے کار میکانک تھا، کل رات سال نو کا جشن منانے کے بعد اپنے مکان لوٹ رہا تھا کہ حادثہ پیش آیا۔ پریم کمار الماس گوڑہ کے قریب پیش آئے حادثہ میں شدید زخمی ہوگیا۔ متوفی کے رشتہ داروں نے ڈاکٹروں پر لاپرواہی کا الزام لگایا اور  پریم کمار کی موت کا ذمہ دار ٹھہرایا اور زبردست احتجاج کیا۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔