حیدرآباد سنٹرل مال کا سب وے آؤٹ لٹ مہربند

جھینگر پائے جانے پر جی ایچ ایم سی کی کارروائی
حیدرآباد 18 مئی (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں نے حیدرآباد سنٹرل مال میں واقع سب وے آؤٹ لیٹ کو مہربند کردیا۔ کل شہر سے تعلق رکھنے والے تاجر ایم ومشی کرشنا ریڈی نے سب وے کے کولڈ ڈرنک میں جھینگر پایا گیا۔ اِس ضمن میں گاہک نے سب وے انتظامیہ کی ایک ملازمہ کی ویڈیو گرافی کی جس میں اُس نے گاہک سے بدسلوکی کی اور اُس کا موبائیل فون بھی چھیننے کی کوشش کی۔ ومشی کرشنا ریڈی نے فوری پولیس پنجہ گٹہ اور جی ایچ ایم سی عہدیداروں سے اِس سلسلہ میں شکایت درج کروائی۔ بعدازاں گاہک نے اپنے بیان میں بتایا کہ اُن کی بیٹی کی سالگرہ کے موقع پر وہ اپنے ارکان خاندان کے ہمراہ مال میں شاپنگ کے لئے گئے تھے اور سب وے سے ایک کولڈ ڈرنک خریدا تھا جس میں وہ جھینگر پائے جانے پر حیرت زدہ ہوگئے۔ جی ایچ ایم سی نے سب وے آؤٹ لیٹ کو وجہ نمائی نوٹس بھی جاری کی۔ کولڈ ڈرنک میں جھینگر پائے جانے کا ویڈیو وائرل ہونے کے نتیجہ میں سابق کارپوریٹر مجلس بچاؤ تحریک مسٹر امجد اللہ خان خالد نے کہاکہ شہر کے کئی فوڈ آؤٹ لیٹس صفائی کے مؤثر انتظامات نہیں کررہے ہیں اور جی ایچ ایم سی عہدیدار اس پر خاموش تماشائی ہیں۔