حیدرآباد۔ کرناٹک کو خصوصی موقف ، کانگریس کا اہم کارنامہ

گلبرگہ :/2فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مرکزی وزیر ریلوے ڈاکٹر ایم ملیکارجن کھرگے نے این وی گرائونڈ گلبرگہ پر یکم فبروری کو صدر کانگریس محترمہ سونیا گاندھی کی گلبرگہ آمد کے موقع پر ایک عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اضلاع حیدر آباد کرناٹک کے عوام اس زبردست اجتماع کی شکل میں دراصل محترمہ سونیا گاندھی سے اظہار تشکر کیلئے جمع ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ محترمہ سونیا گاندھی جی نے دستور ہند کی دفعہ 371میں ترمیم کرواکر اس علاقہ کے عوام پر ایک بڑا احسان کیا ہے۔ اس اہم کارنامہ سے اس علاقہ کی ہمہ جہتی ترقی یقینی ہوگئی ہے۔وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ، محترمہ سونیا گاندھی اور ہمارے سینئیر کانگریسی قائدین نے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر اتفاق رائے سے دستور ہند کی دفعہ J 371))والی ترمیم کو منظور کروایا۔ اس طرح قائد کانگریس راہول گاندھی نے اپنے دورہء گلبرگہ کے موقع پر علاقہ حیدر آباد کرناٹک کے عوام سے جو وعدہ کیا تھا اسے وفا کرکے دکھلایا۔ مسٹر کھرگے نے محترمہ سونیا گاندھی سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ حیدر آباد کرناٹک کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے وہ تلنگانہ اور ودربھا کی طرز پرعلاقہ حیدر آباد کرناٹک کو بھی خصوصی فینانشیل پیاکیج منظورکروائیں۔ واضح رہے کہ مسٹر کھرگے کی اس درخواست پر محترمہ سونیا گاندھی نے اپنی تقریر میں تیقن دیا کہ اس مطالبہ کی بتدریج تکمیل کی جائیگی۔

مسٹر کھرگے نے اس موقع پر مرکزی حکومت کی جانب سے گلبرگہ میں ایس آئی سی میڈیکل کامپلیکس، میڈیکل، ڈینٹل کالجس اور نرسنگ و پیرا میڈیکل کالجس و انسٹٹیوٹس کے علاوہ گلبرگہ میں ہی کرناٹک سنٹرل یونیورسٹی کے قیام پر اظہار تشکر کیا ۔ چیف منسٹر کرناٹک مسٹر سدرامیا نے صدر کانگریس محترمہ سونیا گاندھی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ آج علاقہ حیدر آباد کرناٹک میں عید کا دن ہے کیونکہ محترمہ سونیا گاندھی نے اس علاقہ کے عوام کے دیرینہ خواب کو شرمندہ تعبیر کردیا ہے۔ محترمہ سونیا گاندھی ، راہول گاندھی اور ڈاکٹر من موہن سنگھ جی کی دلچسپی کے بغیر 371Jکی منظوری قطعی ممکن نہ تھی۔ مرکزی حکومت نے مذکورہ بالا دستوری ترمیم کے ذریعہ علاقہ حیدر آباد کرناٹک کی تیز رفتار ترقی کو یقینی بنادیا ہے ۔اس اقدام سے علاقائی عدم توازن کا تیزی سے خاتمہ ہوگا اور رریاست کرناٹک کے تمام اضلاع کی ایک ساتھ ہمہ جہتی ترقی ممکن ہوجائیگی۔ قبل ازیںکرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدرسینئیر کانگریس قائد و سابق رکن پارلیمینٹ گلبرگہ الحاج اقبال احمد سرڈگی نے اپنی تقریر میں کہا کہ 371 Jکی پارلیمینٹ میں منظوری اس علاقہ کے عوام کیلئے ایک غیر معمولی قیمتی تحفہ ہے کہ جس سے اس علاقہ کے عوام کو مختلف شعبوں میں آگے بڑھنے اور استفادہ کے مواقع مل سکیں گے۔اس دستوری ترمیم کے ذریعہ علاقہ حیدر آباد کرناٹک کے عوام کو مختلف ترقیاتی فنڈس مل سکیں گے۔ محترمہ سونیا گاندھی کے عوامی خطاب کے اختتام پر وزیر میونسپل ایڈمنسٹریشن ، پبلک انٹر پرائزز، وقف و صدر نشین حیدر آبادکرناٹک ریجنل ڈیولوپمینٹ بورڈ الحاج قمر الاسلام نے نہایت شاعرانہ، جذباتی اور جوشیلے انداز میں محترمہ سونیا گاندھی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ سونیا گاندھی کی قیادت اوررہنمائی میں یو پی اے حکومت نے علاقہ حیدر آبادکرناٹک کیلئے جو عظیم ترقیاتی کام انجام دئے ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔

اس موقع پر شہ نشین پر مرکزی وزراء کے رحمان خان، ویر اپا موائیلی ، ایم منی اپا ،آسکر فرنانڈیس ، سابق چیف منسٹر و رکن پالیمینٹ مسٹر این دھرم سنگھ، ریاستی وزراء ایچ کے پاٹل ، ارکان اسمبلی مالکیہ گتہ دار، جے رام کرشنا ، ڈاکٹر امیش جادھو ، ڈاکٹر اجئے سنگھ۔ پریانک کھرگے، وینکٹ اپا نائک ،رکن قانون ساز کونسل الم پربھو پاٹل کے علاوہ کرناٹک کے نمائیندہ قائدین جناب الیاس احمد باغبان نائب صدر ریاستی کانگریس کمیٹی اقلیتی سیل ، ڈاکٹر بی جی جولی سابق ایم پی، عالم خان صدر ضلع کانگریس کمیٹی اقلیتی شعبہ، محمد اصغر چلبل صدرگلبرگہ شمال کانگریس کمیٹی،بھاگن گوڑا صدر ضلع کانگریس کمیٹی، گلبرگہ ممتاز کانگریس قائدین عادل سلیمان سیٹھ، عبدالرحیم مرچی سیٹھ، نجم الاسلام احمر، عرفان احمد سرڈگی جنرل سیکریٹری یوتھ کانگریس پارلیمانی حلقہ گلبرگہ، مظہر عالم خان ضلعی صدر یوتھ کانگریس، سجاد حسین مانیال نائب صدر ضلع کانگریس کمیٹی گلبرگہ، سید مظہر حسین نیشنل پٹرولیم وغیرہ کے علاوہ اضلاع حیدرآباد کرناٹک بشمول گلبرگہ ، بیدر ، رائچور، یادگیر، بلاری، کوپل سے آئے ہوئے کانگریسی کارکنان و قائدین اور عوام کی2.5لاکھ سے زیادہ تعداد اس جلسہ میں شریک تھی۔