حیدرآبادی ٹیم آج پنجاب میں بھانگڑا کرنے کی خواہاں

گیل اور راہول کے خلاف کمار توجہ کا مرکز
مہمان ٹیم کی ناقص بیٹنگ تشویش کا باعث

موہالی۔18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)اپنی فارم میں واپسی کرنے والی کنگس الیون پنجاب کی ٹیم آئی پی ایل11 میں ناقابل شکست سن رائجرس حیدرآباد کی مہم کا سلسلہ روکنے کے مقصد سے کل یہاں اپنے گھریلو میدان میں اترے گی۔ٹورنمنٹ میں حیدرآباد واحد ایسی ٹیم ہے جس نے اب تک کوئی میچ گنوایا نہیں ہے اوراپنے سبھی تینوں میچ جیتے ہیں ۔دوسري طرف پنجاب نے تین میں سے دو میچ جیتے ہیں اور یہ ٹیم اس مرتبہ نئے کپتان روی چندرن اشون کی قیادت میں نئے اعتماد میں نظرآرہی ہے ۔پنجاب نے موہالی میں جس انداز میں مہندر سنگھ دھونی کی مضبوط ٹیم چینائی سوپر کنگز کو بڑے اسکور والے میچ میں چار رنز سے شکست دی ہے اسے دیکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ حیدرآباد کو کامیابی حاصل کرنے کے لئے پنجاب کے سخت چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا۔حیدرآباد کی ٹیم بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں دیگر ٹیموں کے مقابلے کافی متوازن نظر آ رہی ہے ۔ حیدرآباد نے اپنے پہلے میچ میں راجستھان رائلس کو نو وکٹ سے ، دفاعی چمپئن ممبئی انڈینس کو ایک وکٹ سے اور کولکتہ نائیٹ رائیڈرز کو پانچ وکٹوں سے شکست دی ہے ۔پنجاب کی ایک اور کامیابی دہلی ڈیر ڈیولس کے خلاف چھ وکٹوں سے رہی تھی۔ دونوں ٹیمیں اچھی فارم اور تال میں دکھائی دے رہی ہیں جس سے ایک دلچسپ مقابلے کی توقع ہے ۔پنجاب ٹیم انتظامیہ اور کپتان اشون نے چینائی کے خلاف گزشتہ مقابلے میں اوپنر کرس گیل کو اتارنے کا صحیح فیصلہ کیا جو ٹیم کے لئے فائدہ مند ثابت ہوا۔گیل نے میدان پر پہلی مرتبہ پنجاب کیلئے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے نصف سنچری بنائی اور یہ دکھایا کہ نیلامی میں تیسرے راؤنڈ میں پنجاب نے انہیں خرید کر کتنا صحیح کام کیا ہے۔بنگلور ٹیم نے گیل کو ری ٹین نہیں کیا اور نیلامی میں پہلے دو راؤنڈ میں انہیں کسی نے نہیں خریدا۔ آخر میں پنجاب نے انہیں تیسرے راؤنڈ میں ان کے دو کروڑ روپے کے بنیادی قیمت پر خریدا۔ پنجاب نے پہلے دو میچوں میں گیل کو نہیں کھلایا لیکن تیسرے میچ میں موقع ملتے ہی گیل نے خود کو ثابت کر دیا۔گیل نے صرف 33 گیندوں پر سات چوکے اور چار چھکے لگاتے ہوئے63 رنز بنائے ۔گیل نے لوکیش راہول کے ساتھ پہلے وکٹ کے لئے آٹھ اوور میں 96 رن کی بہترین ساجھے داری کرکے ٹیم کے لئے بڑے اسکور کی بنیاد تیار کی۔ گیل کا جارحانہ انداز حیدرآباد کے لئے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے اور حیدرآباد کے بولروں کو گیل کے طوفان سے محتاط رہنا ہوگا۔حیدرآباد کے اہم بولر بھونیشورکمار کو اب گیل کو روکنے کے لئے خصوصی حکمت عملی اختیار کرنی ہوگی۔ بھونیشور نے کولکتہ کے خلاف گزشتہ مقابلے میں ایڈن گارڈن میدان میں 26 رن پر تین وکٹ لے کر حیدرآباد کو کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس کے علاوہ کپتان کین ولیمسن نے 50رنز کی کپتانی اننگز کھیلی تھی۔ ولیمسن نے 44 گیندوں پر چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے نصف سنچری بنائی تھی۔