حیدرآبادی شائقین کو فیڈرر ، بوچارڈ اور ثانیہ مرزا کے مقابلوں کا انتظار

حیدرآباد۔یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل پریمئر ٹینس لیگ (آئی پی ٹی ایل) 2016 ء کا 2 ڈسمبر کو جاپان کے شہر سائیتاما میں آغاز ہورہا ہے اور امید کی جارہی ہے کہ ہندوستان میں ہونے والے مرحلہ میں ریکارڈ یافتہ سابق عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر، کینیڈا کی ابھرتی نوجوان ٹینس اسٹار ایجین بوچارڈ اور مقامی کھلاڑی ثانیہ مرزا انڈین ایسس کی نمائندگی کریں گی اور 9 تا 11 ڈسمبر گچی بائولی اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے مقابلوں میں یہ عالمی شہرت یافتہ ٹینس اسٹارس ایکشن میں نظر آئیں گے۔ آئی پی ٹی ایل کے سرکاری ویب سائٹ پر 2016ء سیزن کی تفصیلات اور دنیا کے 4 مختلف شہروں میں مرحلہ وار ہونے والے مقابلوں کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔ امید کی جارہی ہے کہ 2016ء کے سیزن میں زخموں کی وجہ سے پریشان رہنے والے راجر فیڈرر اور خاتون زمرے کی سرفہرست ٹینس اسٹارس میں شامل بوچارڈ بھی 2017ء سیزن کے آغاز سے قبل اس ٹورنمنٹ میں شرکت کرتے ہوئے اپنی فام اور فٹنس حاصل کرنے کی کوشش کریں گی۔ راجر فیڈرر کا 2016ء سیزن مایوس کن رہا جیسا کہ انہوں نے آخری مقابلہ ومبلڈن کے سیمی فائنل میں کینیڈا کی میلوس رانک کے خلاف کھیلا تھا جہاں انہیں شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ پیر کے زخم کی وجہ سے وہ ومبلڈن کے اس مقابلہ کے بعد 2016ء کے ماباقی سیزن میں کوئی بھی مقابلہ نہیں کھیل پائے۔ دوسری جانب بوچارڈ کے لئے بھی 2016 کا سیزن اطمینان بخش نہیں رہا اور چند ماہ قبل کلے کورٹ میں عالمی نمبر ایک انجلیک کربر کے خلاف حاصل ہونے والی کامیابی ان کے لئے قابل ستائش نتیجہ رہا۔ فیڈرر اور بوچارڈ کے متعلق امید کی جارہی ہے کہ وہ 2 ڈسمبر کو شروع ہونے والے آئی پی ٹی ایل میں انڈین ایسس کی نمائندگی کرتے ہوئے مسابقتی سیزن 2017ء کے لئے خود کو تیار کریں گے۔ 2 ڈسمبر کو انڈین ایسس کا سامنا میزبان جاپان واریئرس سے ہے لیکن یہ ہنوز معلوم نہ ہوسکا کہ فیڈرر پہلے مرحلہ کے مقابلوں میں شرکت کریں گے یا نہیں۔ لیکن اگر فیڈرر پہلے مرحلہ میں شرکت کرتے ہیں تو انہیں مقامی ٹینس اسٹار اور عالمی درجہ بندی میں 5 ویں مقام پر فائز کائی نیشی کوری کا سامنا ہوسکتا ہے اور وہ اس مقابلہ سے اپنا فام اور فٹنس بھی جانچ سکتے ہیں۔ راجر فیڈرر کے علاوہ انڈین ایسس میں جو اہم کھلاڑی موجود ہیں ان میں اسپین کے فلیشیانو لوپیز، آسٹریلیا کے مارک فلپوسس، کروشیا کے آئیون ڈوڈک، سویڈن کے تھامس اینکوسٹ اور ہندوستان کے روہن بوپنا شامل ہیں۔ علاوہ ازیں اگر راجر فیڈرر پہلے مقابلہ میں ناکام بھی ہوتے ہیں تو لوپیز انڈین ایسس کو فتوحات کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔ ٹورنمنٹ میں ڈبلز زمرے کے لئے ثانیہ مرزا اہم کھلاڑی ہوں گی۔ کیوں کہ حالیہ سیزن میں ثانیہ مرزا کے ڈبلس میں مقابلے انتہائی شاندار ہیں جبکہ فرنچ اوپن خطاب بھی ثانیہ مرزا نے اپنے نام کیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم انڈین ایسس میں فیڈرر، بوچارڈ، ثانیہ مرزا اور لوپیز کی موجودگی سے شائقین کو امید ہے کہ اس مرتبہ ٹیم کے نتائج مزید بہتر ہوں گے۔ٹورنمنٹ میں جاپان واریئرس، انڈین ایسس، سنگاپور سلامرس اور یو اے ای رائلس کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔