حیدرآباد ہائیکورٹ میں وقف بورڈ کو اہم کامیابی

امیر پیٹ کی وقف اراضی پر قابضین کا دعویٰ مسترد،کروڑہا روپئے مالیتی اراضی کا تحفظ
حیدرآباد ۔ یکم مئی (سیاست نیوز) حیدرآباد ہائیکورٹ میں تلنگانہ وقف بورڈ کو ایک اہم کامیابی ملی ۔ عدالت نے مسجد قبور واقع امیر پیٹ کی قیمتی اراضی پر غیر مجاز قابضین کے دعویٰ کو مسترد کرتے ہوئے اسے وقف اراضی قرار دیا۔ اس سلسلہ میں تلنگانہ وقف بورڈ کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے جسٹس اے شنکر نارائنا نے فیصلہ سنایا ۔ مسجد قبور امیر پیٹ کے تحت 1520 مربع گز وقف اراضی موجود ہے جس کی مالیت کروڑہا روپئے ہے۔ بعض غیر مجاز قابضین نے اسے خانگی اراضی قرار دیتے ہوئے اپنی دعویداری پیش کی تھی۔ 2001 ء میں سٹی سیول کورٹ نے ان کے حق میں فیصلہ دیا۔ 2007 ء میں وقف بورڈ نے تحت کی عدالت کے فیصلہ کو ہائیکوتٹ میں چیلنج کیا۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے مقدمہ کے سلسلہ میں خصوصی دلچسپی لی اور اسٹانڈنگ کونسل ایم اے مجیب کو ہدایت دی کہ وقف بورڈ کی تمام دستاویزات عدالت میں پیش کرتے ہوئے دلائل پیش کریں۔ جسٹس شنکر نارائنا نے طویل مباحث اور فریقین کے دلائل کی سماعت کے بعد 27 اپریل کو فیصلہ سنایا۔ معزز جج نے اراضی کو وقف قرار دیتے ہوئے قابضین کے دعوے کو مسترد کردیا ۔ صدرنشین وقف بورڈ نے اسٹانڈنگ کونسل کو ہدایت دی ہے کہ وہ دیگر مقدمات کے سلسلہ میں خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے پیروی کرے۔