حیدرآباد کی گنگا جمنی تہذیب دنیا بھر میں مثالی

سٹی پولیس کی خدمات نمایاں۔ کمشنر پولیس کی دعوت افطار سے جناب محمود علی و نرسمہا ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ /24 مئی (سیاست نیوز) کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے آج تاریخی چومحلہ پیالس میں دعوت افطار کا اہتمام کیا جس میں کئی علماء مشایخین ، سیاسی قائدین اور دیگر نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمود علی نے کہا کہ شہر حیدرآباد گنگاجمنی تہذیب کیلئے دنیا بھر میں مشہور ہے اور امن و امان کی برقراری کے نتیجہ میں حیدرآباد کی سارے ملک میں تعریف کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس شہر یا ریاست میں امن رہتا ہے وہاں ترقی یقینی ہے اور حیدرآباد میں گزشتہ 4 سال میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا جسکے نتیجہ میں نوجوانوں کو ترقی کے مواقع ملے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد پولیس کی جانب سے شہریوں کے تحفظ اور ان میں خوداعتمادی پیدا کرنے کئی اقدامات کئے جارہے ہیں جو قابل ستائش ہیں ۔ وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے کہا کہ عوام کی مدد اور تعاون سے حیدرآباد پولیس امن و امان کو برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئی ہے اور شہر گنگاجمنا تہذیب کا گہوارہ ہے ۔ انہوں نے ڈی جی پی ایم مہندر ریڈی کو ان کی نمایاں کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں سٹی پولیس اور ریاستی پولیس نمایاں کارکردگی کررہی ہے ۔ کمشنر پولیس انجنی کمار نے کہا کہ شہر حیدرآباد کا رتبہ سارے ہندوستان میں الگ ہے اور یہ بہترین شہر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر حیدرآباد کو اس کی گنگاجمنی تہذیب سے پہچانا جاتا ہے ۔

انجنی کمار نے کہا کہ شہر حیدرآباد سارے ملک میں ’’بیسٹ لیو ایبل سٹی‘‘ کا ایوارڈ دیا جاچکا ہے ۔ انجنی کمار نے کہا کہ ان کی دلی خواہش ہے کہ تمام مسلم بھائیوں کی نیکیوں کا اللہ اجر دے اور شہر کی عوام بہت خوش نصیب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی کوششوں سے ریاست سنہرے تلنگانہ میں تبدیل ہونے جارہا ہے ۔ شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ مولانا مفتی خلیل احمد نے دعا کی ۔ افطار میں تمام پولیس عہدیدار روایتی شیروانیوں میں ملبوس دیکھے گئے ۔ افطار میں مولانا اولیاء حسینی ، مرتضی پاشاہ ، مولانا قبول پاشاہ شطاری ، مکہ مسجد کے حافظ محمد عثمان نقشبندی ، مولانا رضوان قریشی ، مولانا نثار حسین حیدر آغا ، صدرنشین وقف بورڈ جناب محمد سلیم ، کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر بی جناردھن ریڈی ، صدرنشین اقلیتی کمیشن مسٹر محمد قمرالدین ، ڈی جی پی ایم مہندر ریڈی ، کمشنر پولیس رچہ کونڈہ مہیش مرلی دھر بھاگوت ، امریکی قونصل جنرل متعینہ حیدرآباد کیتھرینہڈا ، برٹش ڈپٹی ہائی کمشنر مسٹر اینڈریو فلیمنگ ، سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی جناب ایم اے شکور ، صدرنشین حج کمیٹی جناب مسیح الدین ، امام مسجد حج ہاؤز جناب صابر پاشاہ ، بی جے پی رکن اسمبلی ، مسٹر سی ایچ رام چندرا ریڈی اور دیگر کئی معزز شخصیتوں نے اس دعوت افطار میں شرکت کی ۔