حیدرآباد کو کچرے سے پاک بنانے کا منصوبہ

حیدرآباد۔/30جولائی، ( پی ٹی آئی) شہر کی آٹھ منتخب سڑکوں پر کچرا پھینکنے کے خلاف عائد ہونے والا بھاری جرمانہ بہت جلد آپ کی جیبوں کیلئے بار گراں بن جائے گا، اور اگر آپ بار بار کچرا پھینکتے ہوئے پکڑے جائیں تو اس صورت میں جیل بھی پہنچ سکتے ہیں۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی) نے آج کہا کہ شہر کی آٹھ منتخب سڑکوں پر کچرا پھینکنے کو مستوجب سزاء و جرمانہ بنانے کے مقصد سے بہت جلد ایک اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔جی ایچ ایم سی کمشنر سومیش کمار نے کہا کہ ان علاقوں کو ’ کچرے سے پاک‘ بنانے کے اعلان پر مبنی اعلامیہ پر یکم اگسٹ سے نفاذ ہوگا اور بشمول جوبلی ہلز شہر کی آٹھ سڑکوں کا احاطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ کچرا پیدا کرنے والوں کی یہ ذمہ داری ہوگی کہ وہ سڑکوں پر کچرا پھینکنے سے گریز کریں اور کوڑے دان میں کچرا ڈالنے کو یقینی بناتے ہوئے بلدی حکام کی جانب سے نافذ کئے جانے والے طریقہ کار کی پابندی کریں۔‘‘ جی ایچ ایم سی ان 8سڑکوں پر کچرا جمع کرنے والوں کے ذریعہ کوڑے کی نکاسی کے انتظامات کرے گی۔ مقررہ علاقوں پر واقع گھروں اور تجارتی اداروں، ہوٹلوں کے مالکین کے علاوہ ٹھیلوں پر مختلف اشیاء فروخت کرنے والوں کی یہ ذمہ داری ہوگی کہ وہ کچرا اپنے پاس جمع کریں اور سڑکوں پر پھینکنے سے گریز کیا جائے۔ اگر کسی دکان یا بنڈی کے روبرو کچرا پایا جاتا ہے تو دکان کے مالک یا بنڈی راں کو خاطی متصور کیا جائے گا۔ مسٹر اے سومیش کمار نے کہا کہ ’’ اعلامیہ کے نفاذ کے بعد اگر کوئی شخص آٹھ مقررہ سڑکوں پر کچرا پھینکتا ہوا پایا جاتا ہے تو اس کے خلاف پہلی مرتبہ 500روپئے، دوسری مرتبہ 1000 روپئے، تیسری مرتبہ3000روپئے، چوتھی مرتبہ 5000 روپئے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ پانچویں مرتبہ اس حرکت پر 10,000/- روپئے جرمانہ کے علاوہ فوجداری کارروائی کرتے ہوئے تجارتی لائسنس منسوخ کیا جائے گا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ خاطی پائے جانے پر ایسے افراد کو 10ہزار روپئے جرمانہ کے علاوہ تین ماہ کا سزائے قید بھی ہوسکتی ہے۔

گایوں کی غیر قانونی منتقلی روکنے کمشنر بلدیہ سے بی جے پی کارپوریٹرس کا مطالبہ
حیدرآباد۔/30جولائی، ( این ایس ایس ) بی جے پی کارپوریٹرس نے ذبح کے مقصد سے منتقل کی جانے والی گایوں کو بچانے کیلئے شہر کے تمام مراکز داخلہ پر خصوصی چیک پوسٹ کے قیام کیلئے کمشنر جی ایچ ایم سی سے مطالبہ کیا ہے۔ جی ایچ ایم سی میں بی جے پی کے فلور لیڈر بنگاری پرکاش کی قیادت میں اس پارٹی کے کارپوریٹرس نے کمشنر سومیش کمار کو ایک یادداشت پیش کی اور ان سے درخواست کی کہ ذبح کے مقصد سے غیر قانونی طور پر شہر کو گایوں کی منتقلی کو روکنے خصوصی چیک پوسٹ قائم کئے جائیں۔ وفد نے کہا کہ ایسے واقعات سے ہندوؤں کے مذہبی جذبات مجروح ہوتے ہیں کیونکہ وہ گائے کو مقدس مانتے ہیں۔