چینائی ۔24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) رواں آئی پی ایل کے41 ویں مقابلے میں چینائی سوپر کنگس نے سن رائزرس حیدرآباد کو 6 کٹ سے شکست دیکرپلے آف میں جگہ بنالی ہے۔ چینائی نے اب تک 11 میچ کھیلے ہیں جن میں سے 8 میں جیت حاصل کی ہے۔ موجودہ سیزن میں پلے آف میں پہنچنے والی پہلی ٹیم چینائی ہی ہے۔ میچ کے بعد ایک سوال کے جواب میں دھونی نے کہا کہ میری کامیابی کا راز بتادوں گا تو مجھے اگلے سیزن میں کوئی نہیں خریدے گا۔ ایم چدمبرم اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں کپتان دھونی نے ٹاس جیت کر بھونیشور کمارکی سن رائزرس حیدرآباد کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس پر اس نے منیش پانڈے (ناٹ آؤٹ 83) ، ڈیوڈ وارنر (58) اور وجے شنکر (26) کی بدولت 175/3کا اسکور بناکر اچھا چیلنچ پیش کیا لیکن چینائی نے اپنے گھریلو میدان پر شین واٹسن (96) کے شاندار مظاہرے کی بدولت 6 وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔ ا س میچ میں جیت کے ساتھ چینائی سوپر کنگس کے پلے آف میں پہنچنے کے بجائے میچ کے بعد دھونی کے دئے گئے بیان کا زیادہ چرچہ ہورہا ہے۔