حیدرآباد کرناٹک کے ضلعی انچارج وزراء کا آج اجلاس

گلبرگہ ۔26نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیف منسٹر کرناٹک مسٹر سدرامیا نے 28دسمبرکو گلبرگہ میں علاقہ حیدر آباد کرناٹک کے چھ ضلعی نگران وزراء کا اجلاس طلب کیا ہے ۔ اس اجلاس میں سینئیر عہدہ داران چیف سیکریٹری، فائینانس سیکریٹری کے علاوہ کلیدی محکموںکے پرنسپل سیکریٹریزبھی شرکت کریںگے تاکہ علاقہ حیدر آباد کرناٹک کے چھ اضلاع کے مختلف مسائل کی یکسوئی کے اقدامات کو قطعیت دی جاسکے۔ علاقہ حیدر آباد کرناٹک کے چھ اضلاع،گلبرگہ، یادگیر،بیدر، رائیچور، کوپل اور بلاری کے ضلعی انچارج وزراء نے گلبرگہ میں اپنے 19نومبرکے اجلاس میں جن ضلعی مسائل اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا ہے وہ سارے مسائل اور امور 28 نومبر کو منعقد کئے جانے والے ضلع انچارج وزراء علاقہ حیدر آبادکرناٹک کے اجلاس میں چیف منسٹر سدرامیا کے سامنے پیش کئے جائیں گے۔ اسی دوران معلوم ہوا ہے کہ گلبرگہ میں28 نومبرکو منعقعد کئے جانے والے ریاستی کابینہ کے اجلاس میں گلبرگہ میں پولیس کمشنرئیٹ کے قیام ، 50بستروں والے ایک یونانی ہسپتال و کالج کے قیام اور ایک نئے25کمروں والے سرکاری وی آئی پی گیسٹ ہائوز کی تعمیر سے متعلق تجاویز کو منظوری دی جاسکتی ہے۔ ساتھ ہی ساتھ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ کابینہ گلبرگہ میں ایک ملٹی اسٹوری گورنمینٹ ایمپائیز کوارٹرس اور ایک ملٹی اسٹری پارکنگ کامپلیکس کی تعمیر کے لئے بھی منظوری دے سکتی ہے۔ اس کے علاوہ اجلاس میں علاقہ حیدرآباد کرناٹک کے چھ اضلاع میں ہر حلقہ اسمبلی کے لئے ایک نئی سڑک تعمیر کرنے کی منظوری بھی مل سکتی ہے۔