حیدرآباد کرناٹک میں ریزرویشن فہرست کی عدم اجرائی

بیدر /26 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کرناٹک اسٹیٹ گورنمنٹ ایمپلائیز اسوسی ایشن شاخ ضلع بیدر کے صدر مسٹر راجندر گندگے ، نائب صدر محمد عتیق احمد انجینئیر اور محمد اعجاز احمد خازن نے ایک پریس نوٹ جاری کرکے بتایا ہے کہ علاقہ حیدرآباد کرناٹک کیلئے آرٹیکل 371 کی منظوری کے بعد علاقہ حیدرآباد کرناٹک کے 6 اضلاع میں عوام کیلئے تعلیم روزگار و دیگر شعبہ جات میں تحفظات کی فہرست حکومت کی جانب سے ابھی تک جاری نہیں ہوئی ہے اور حکومت کی جانب سے باضابطہ اس ضمن میں سرکاری احکامات پر مبنی سرکیولر جس کا نمبر سوامی رکا دیا 2012 سیکشن بنگلور میں بتایا گیا ہے کہ جب تک علاوہ حیدرآباد کرناٹک کے 6 اضلاع میں ریزرویشن کا معاملہ عیاں نہیں ہوجاتا تب تک کسی طرح کی بھی گورنمنٹ ملازمین کے راست تقررات اور پروموشن نہیں کیا جاسکتا ۔ مگر افسوس کہ حکومت کے مذکورہ سرکاری احکامات کونظر انداز کرکے محکمہ تعمیرات عامہ میں آفیسر کے پرموش جاری ہیں ۔ یہاں AEE سے ایکزیکیٹیو انجینئیر اور اسسٹنٹ انجینئیر سے AEE کے عہددہ پر پرموشن کیا جارہا ہے ۔ جو مذکورہ بالا سرکاری آرڈر کے خلاف ہے ۔ اس کے علاوہ محکمہ تعمیرات عامہ میں مزید پرموشن کا سلسلہ جاری ہے ۔ کرناٹک اسٹیٹ گورنمنٹ ایمپلائیز اسوسی ایشن شاخ بیدر کی جانب سے اس ضمن میں حکومت اور متعلقہ ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے سرکاری احکامات کو نظر انداز کرنے کا الزام لگاتے ہوئے اسے فوری روکنے کی بات کہی گئی ہے ۔ پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریاستی وزیر اعلی سدرامیا تمام وزراء پرنسپل سکریٹریز و سکریٹریز ، علاقہ حیدرآباد کرناٹک اسپیشل سیل کے جوائنٹ سکریٹری اور تمام محکمہ جات کے ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹ کو مکتوب روانہ کرکے مطالبہ کیا گیا ہے کہ علاقہ حیدرآباد کرناٹک میں جب تک ریزرویشن کی فہرست عیاں نہیں ہوجاتی تب تک نہ ہی راست تقررات کئے جائیں اور نہ ہی گورنمنٹ ملازمین کو پروموشن دیا جائے ۔ اگر جلد سے جلد راست تقررات اور پروموشن کو رد نہیں جاتا ہے تو جمہوری طرز پر احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا ۔