حیدرآباد کا طاقتور چینائی سے آج دلچسپ مقابلہ

حیدرآباد ۔یکم مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) انڈین پریمیر لیگ ( آئی پی ایل ) کے ایک میچ میں سن رائیزرس حیدرآباد اور خوفناک چینائی سوپر کنگس کے درمیان کل یہاں راجیوگاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم پر دلچسپ مقابلہ متوقع ہے ۔ سات میچ کھیلتے ہوئے تین میں کامیابی کے ساتھ چھ پوائنٹس حاصل کرنے والی ٹیم سن رائیزرس حیدرآباد کو اس سخت مسابقتی ٹورنمنٹ میں پیشرفت کیلئے کل کا میچ جیتنا ضروری ہوگا جبکہ اس کے مد مقابل ایک طاقتور ٹیم سی ایس کے ہے جو تاحال آٹھ میچوں کا سامنا کرتے ہوئے چھ میں کامیابی اور صرف دو میں شکست کے ساتھ 12 پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے ٹیبل پر سرفہرست ہے ۔ سوپر کنگس 11 اپریل کو چینائی میں منعقدہ ایک میچ میں سن رائیزرس کو پہلے ہی 45 رن سے شکست دے چکے ہیں۔ لیکن گزشتہ روز انھیں (سی ایس کے کو ) کے کے آر کے مقابلے شکست ہوگئی تھی چنانچہ دھونی کے زیرقیادت چینائی سوپرکنگس ، میزبانوں کو ان ہی کے میدان پر شکست دیتے ہوئے اپنی پوزیشن مستحکم بنانے کی کوشش کریں گے ۔ دھونی کی طاقتور ٹیم میں بیٹنگ کیلئے برنڈن میک کلم ، ڈوائین اسمتھ ، سریش رائنا ، فاف ڈوپلیسی ، ڈی براؤو اور بولنگ کیلئے آشیش نہرا ، مہیت شرما ، رویندر جڈیجہ اور پون نیگی موجود ہیں جو اپنی مہارت کے ذریعہ کسی بھی ٹیم کیلئے پریشانی پیدا کرسکتے ہیں۔ آئی پی ایل کے رواں سیزن میں سن رائیزرس پہلی مرتبہ حیدرآباد میں کھیل رہے ہیں۔ اس ٹیم کو مڈل آرڈر بیٹنگ کے مسائل کا سامنا بھی ہے ۔ حیدرآباد کے کپتان ڈیوڈ وارنر اور شکھردھون اپنی اننگز کی بہتر شروعات کرتے رہے ہیں کے ایل راہول ، نامن اوجھا ، روی بوپارہ ، موئیسیس ہینریکس اور مقامی کھلاڑی ہنوما ویہاری توقع ہے کہ جیت کی جدوجہد میں اس ٹیم کی مدد کریں گے ۔ سن رائیزرس کے ترکش میں بولنگ ایک پوشیدہ تیر ہے جہاں ٹرینٹ بولٹ ، بھونیشور کمار ، آل راؤنڈرس موئیسیس ہینریکس ، ڈیل اسٹائن اور ایشانت شرما بھی موجود ہیں ۔ یہ بھی ایک حقیقت ہیکہ حیدرآباد کو اپنا گھریلو میدان ہمیشہ خوش قسمت ثابت ہوا ہے ۔