حیدرآباد کا آج راجستھان رائلز سے مقابلہ

ابوظہبی۔17اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) گذشتہ برس اسپاٹ فکسنگ کے سنگین تنازعہ سے پریشان راجستھان رائلز کی یہ کوشش ہے کہ وہ ان تنازعات کو پس پشت ڈالتے ہوئے کل یہاں سن رائزر حیدرآباد کے خلاف آئی پی ایل کے ساتویں ایڈیشن کا بہتر آغاز کرے ۔ فاسٹ بولر ایس سری سنت اور ان کے دو ساتھی کھلاڑی اجیت چنڈیلا اور انکیت چوہان کو اسپاٹ فکسنگ الزامات کے تحت گرفتار کرنے کے علاوہ ان پر پابندی عائد کردی گئی ہے جس سے راجستھان رائلز کو شرمندگی اٹھانی پڑی ہے۔ تنازعات کے باوجود راہول ڈراویڈ کی زیرقیادت راجستھان رائلز نے گذشتہ سیزن میں تیسری بہترین ٹیم کا اعزاز حاصل کیا تھا ۔ آئی پی ایل کے چھٹے ایڈیشن میں بڑے کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کے باوجود راجستھان نے بہتر مظاہرہ کیا تھا ۔ اسپاٹ فکسنگ تنازعات کو پیچھے چھوڑ چکی راجستھان رائلز نئے کپتان شین واٹسن کی قیادت میں بہتر مظاہرہ کیلئے تیار ہے ۔ راہول ڈراویڈ کی ٹیم کے لئے مشیر کی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

رواں برس راجستھان رائلز ایک متوازن ٹیم بن چکی ہے جس میں اجنکیا راہنے ‘ اسٹیورٹ بنی ‘سنجیو سیمسن‘ انمکٹ چند ‘ راجت بھاٹیہ کے علاوہ بیرونی کھلاڑیوں میں ٹم ساؤتھی‘ جیمس فالکنر ‘ براڈ ہاج کے علاوہ کپتان شین واٹسن موجود ہیں ۔ رائلز کیلئے شین واٹسن ہمیشہ ہی کلیدی کھلاڑی ثابت ہوئے ہیں اور اب ان کی قیادت میں ٹیم بہتر مظاہرہ کیلئے تیار ہے جب کہ ٹیم میں 19سالہ وکٹ کیپر بیٹسمین سیمسن اور 42سالہ پراوین تمبلے کے مظاہرے توجہ کا مرکز ہوں گے ۔ دوسری جانب سن رائیزر حیدرآباد جسے گذشتہ سیزن راجستھان رائلز کے خلاف الیمنیٹر مقابلہ شکست کے بعد ٹورنمنٹ سے باہر ہونا پڑا تھا وہ اس ناکامی کا حساب برابر کرنے کیلئے کوشاں ہوں گی ۔گذشتہ سیزن ٹورنمنٹ کی چوتھی بہترین ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل کرنے والی سن رائیزرس کو نئے مالکین کی قیادت میں مظاہرہ کرنے کا پہلی مرتبہ موقع ملا تھا ۔ سن رائیزرس بھی ایک طاقتور ٹیم ہے جس کی قیادت ہندوستان کے اوپنر شکھر دھون کررہے ہیں

جن کیلئے آسٹریلیا کی دھماکو اوپنرس کی جوڑی ڈیوڈ وارنر اور ارون فنچ کی خدمات دستیاب ہیں ۔ بولنگ شعبہ میں دنیا کے نمبر ایک فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کے ہمراہ ہندوستان کے کامیاب ترین بولر بھونیشور کمار کے ساتھ دراز قدر ایشانت شرما بھی موجود ہیں ۔ مڈل آرڈر میں عرفان پٹھان اور کشمیر کی رانجی ٹرافی ٹیم کے کپتان پرویز رسول کی موجودگی سے اس کا آل راؤنڈرس کا شعبہ بھی کافی مستحکم ہے۔ ویسٹ انڈیز کے کپتان ڈیرین سیمی کی موجودگی کسی بھی زاویہ سے نظرانداز نہیں کی جاسکتی جنہوں نے تنہا کئی موقعوں پر ٹیم کو فتوحات دلوائی ہے۔ اسپین شعبہ میں امیت مشرا جنہوں نے بنگلہ دیش میں منعقدہ ٹوئنٹی 20ورلڈ کپ میں بہتر مظاہرے کئے ہیں اور ان مظاہروں کی بدولت ان کے حوصلے کافی بلند ہیں اور وہ گذشتہ سیزن کی طرح اس مرتبہ بھی ٹیم کی فتوحات میں اہم رول ادا کرنے کیلئے پُرعزم ہے ۔ اپنے خطابات مقابلہ میں دونوں ہی ٹیمیں کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیزن کا بہتر آغاز کرنے کیلئے کوشاں ہوں گی کیونکہ متحدہ عرب امارات میں ابتدائی مقابلوں کے بعد کھلاڑیوں کو ہندوستان کا رُخ کرنا ہے جہاں دو مئی سے دوسرے مرحلے کے مقابلوں کا آغاز ہوگا ۔