حیدرآباد و سائبرآباد حدود میں پانچ خواتین کی خودکشی

حیدرآباد /9 جنوری ( سیاست نیوز ) حیدرآباد و سائبرآباد پولیس حدود میں پیش آئے مختلف واقعات میں 5 خواتین نے خودکشی کرلی ۔ تعلیم میں ناکامی شوہر کی دوسری شادی ، جہیز ہراسانی ، بیماری سے تنگ آکر خواتین نے خودکشی کرلی ۔ مشیرآباد پولیس کے مطابق 15 سالہ حلیمہ بیگم جو رام نگر کے ساکن محمد حنیف کی بیٹی تھی ۔ ایس ایس سی کی طالبہ بتائی گئی ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس لڑکی نے ناکامی کے خوف سے دلبرداشتہ ہوکر انتہائی اقدام کیا اور 7 جنوری کے دن اپنے جسم پر کیروسن ڈال کر آگ لگالی جس کی علاج کے دوران آج صبح موت ہوگئی ۔ بہادرپورہ پولیس کے مطابق 21 سالہ بھارتی جو بہادرپورہ کے ساکن اوم پرکاش کی بیوی تھی اس نے 6 جنوری کے دن خودسوزی کرلی جس کی علاج کے دوران موت ہوگئی ۔ بھارتی شادی کے 6 ماہ بعد سے اپنے شوہر سے علحدہ رہنے لگی تھی ۔

ان کی شادی 2011 میں ہوئی تھی اور شوہر کی بے روزگاری اور شرابی حرکتوں سے تنگ آکر اس نے اپنے مائیکے کا رخ کیا تھا اور حالیہ دنوں میں اس کو پتہ چلاکہ اس کے شوہر نے دوسری شادی کرلی ۔ بھارتی نے دلبراداشتہ ہوکر انتہائی اقدام کیا جبکہ بہادرپورہ پولیس حدود میں پیش آئے ایک اور واقعہ میں 17 سالہ لڑکی وجیہ نے خودسوزی کرلی ۔ لڑکی انٹرمیڈیٹ کی طالبہ تھی اور ایس بی نگر کے ساکن وینکٹ سوامی کی بیٹی بتائی گئی ہے ۔ اس نے 4 جنوری کے دن انتہائی اقدام کرلیا اور کل رات علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی ۔ کیسرا پولیس کے مطابق 19 سالہ ہیمالتا جو دمائی گوڑہ علاقہ کے ساکن انکایا کی بیوی تھی اس نے درد شکم اور بیماری سے تنگ آکر انتہائی اقدام کیا اور آج صبح پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔

پٹن چیرو پولیس کے مطابق 31 سالہ رجنی جو چٹکل رینج پٹن چیرو کے ساکن انجینیلو کی بیٹی تھی ۔ اس خاتون کے کمزورہونے اور خوبصورت نہ ہونے کے سبب رشتے طئے ہونے میں دشواریاں پیش آرہی تھیں ۔ جس نے تنگ آکر 29 ڈسمبر کے دن نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرلیا تھا جس کی کل رات دیر گئے موت ہوگئی ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔