ڈیفنڈنگ چمپینس 18.5 اوورس میں 87 پر ڈھیر ۔ راشد خان کو میچ ایوارڈ
آئی پی ایل 2018ء
ممبئی ، 24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وانکھیڈے اسٹیڈیم کے بہت بڑے حصے میں آج رات مایوسی چھاگئی جب انڈین پریمیر لیگ کے ’’لو اِسکورنگ‘‘ میچ میں سن رائزرس حیدرآباد نے ڈیفنڈنگ چمپینس ممبئی انڈینس کو 31 رنز سے شکست فاش دے دی۔ روہت شرما کی ممبئی ٹیم کو 119 کا آسان ٹارگٹ ملا لیکن میزبانوں کو کین ولیمسن زیرقیادت حیدرآباد نے 18.5 اوورس میں 87 پر ڈھیر کردیا۔ راشد خان (4-1-11-2) کو کفایتی بولنگ پر ’مین آف دی میچ‘ ایوارڈ دیا گیا۔ ویسے سب سے کامیاب بولر سدھارتھ کول (3/23) رہے۔ دیگر چار بولروں کو بھی کم از کم ایک وکٹ حاصل ہوئی۔ سوریہ کمار یادو نے 34 کا ٹاپ اسکور کیا جبکہ کپتان روہت نے 2 رنز بنائے۔ قبل ازیں حیدرآباد کو پہلے بیٹنگ کی دعوت ملی تو نصف میچ تک میزبانوں کا غلبہ رہا۔ کپتان ولیمسن اور یوسف پٹھان دونوں نے 29 کا ٹاپ اسکور کیا۔ یہ حیدرآباد کی چوتھی جیت اور ممبئی کی پانچویں ناکامی ہوئی۔