حیدرآباد میں سڑکوں ، اسکائی ویز ، فلائی اوورس کی تعمیر کا منصوبہ

تین مرحلوں پر مبنی پراجکٹ کے لیے 25000 کروڑ روپئے کا تخمینہ: کے سی آر
حیدرآباد ۔ 15 ۔ نومبر : ( پی ٹی آئی ) : حکومت تلنگانہ نے آج کہا کہ حیدرآباد کی نئی صورت گری کی ایک کوشش کے طور پر اس شہر میں سڑکوں کے فروغ اور اسکائی ویز ( بالائی پل ) کی تعمیرات پر مرحلہ وار اساس پر 25000 تا 30,000 کروڑ روپئے صرف کئے جائیں گے ۔ ایک سرکاری بیان میں چیف منسٹر کالوا کنٹلہ چندر شیکھر راؤ کے حوالہ سے یہ کہا گیا ہے کہ ’’سڑکوں کے فروغ کے لیے تین جہتوں پر مشتمل حکمت عملی ضروری ہے ۔ چنانچہ سڑکوں کی بہتری ، جدید شہری ترقیات اور حیدرآباد میٹرو ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے علاقہ کی ترقی ضروری ہے ‘‘ ۔ مسٹر چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ اندرون دو سال حیدرآباد کی نئی صورت گری کرتے ہوئے شہر کا ’ چہرہ ‘ تبدیل کرنے کے لیے شہر بھر میں موجودہ سڑکوں کے فروغ ( کشادگی و مرمت ) پانچ تا چھ مربوط اسکائی ویز ( بالائی پلوں ) اور ایک کے اوپر ایک کئی پرتوں پر فلائی اوورس کی تعمیر جیسے مربوط انداز فکر و عمل کی ضرورت ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ’’ اس مقصد کے لیے حکومت کی جانب سے مرحلہ وار اساس پر 25000 تا 30,000 کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے ‘‘ ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’حیدرآباد کے اطراف و اکناف ہر سال بہ سال آبادیوں میں اضافہ ہورہا ہے چنانچہ ایسے علاقوں کی بڑھتی ہوئی ضروریات کا تجزیہ کرنے کی ضرورت ہے ‘‘ ۔ دیگر ذرائع ابلاغ کے مطابق کے سی آر نے کہا کہ حیدرآباد میں سڑکوں اور پلوں کو تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک کے خطوط پر ترقی دی جائے گی ۔۔