حیدرآباد میں داخل ہونے سے قبل ہی 500کیلوگرام گانجہ ضبط

ایلورو: دیور پلی پولیس نے جمعہ کے روز ویزاگ سے حیدرآباد غیر قانونی طریقے سے منتقل کیاجانے والا 500کیلو گرام گانجہ ضبط کرلیا ہے اور اس ضمن میں سات لوگوں کی بھی گرفتار ی عمل میں ائی ہے۔

پولیس کو اس بات کی خفیہ جانکاری ملی کہ کچھ لوگ ویان میں 500کیلوگرام گانجہ آم کے ٹوکریوں کے نیچے چھپاکر حیدرآباد کے لئے روانہ ہوئے ہیں۔ مخبر نے پولیس کو ویان کا نمبرAP05X6130بھی فراہم کیا۔اطلاع ملنے کے ساتھ ہی سرکل انسپکٹرنے چوکسی اختیار کرتے ہوئے قومی شاہراہ کے دیوار پلی چیک پوسٹ پر 4:45منٹ سے گاڑیوں کی تلاشی شروع کردی۔ سفید رنگ کی ٹویوٹا کار کے ہمراہ ایک ویان چیک پوسٹ پر پہنچی۔

ویان کے ڈرائیور نے پولیس کو دیکھ کر موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی مگر اتفاقی طور سے ویان ایک کھنبے سے ٹکرائی۔جس کے فوری بعد پولیس نے ویان میں سوار تین افراد ریاض خان اکبرجو کہ راجا مہیندر ورم کا ساکن‘ این نوکاراجوساکن نرسی پٹنم‘ اور ایتی ستیا نارائنہ ساکن وشاکھاپٹنم کو اپنی تحویل میں لیا ۔

اس کے علاوہ ٹویوٹا کار میں سوار عبداللہ خان‘ ویشال شنڈے‘ انل من‘ بابا صاحب مستان جو مہارشٹرا کے رہنے والے ہیں کو بھی پولیس نے حراست میں لے لیاہے۔ تفتیش کے دوران ملزمین نے اس بات کو قبول کیا کہ وہ گانجے کی حیدرآباد منتقلی کررہے تھے۔