حیدرآباد۔/22مارچ، ( آئی این این ) حیدرآباد میں ترکی کا قونصلیٹ جنرل جو جنوبی ہند میں ترکی کا پہلا قونصل خانہ ہے یہاں اتوار سے کارکرد ہوگیا ہے۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے مرکزی وزیر لیبر بنڈارودتاتریہ نے شہر میں ترکی کے قونصلیٹ کو کھولنے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ یہ قونصلیٹ تلنگانہ ، آندھرا پردیش، اڑیسہ، ٹاملناڈو، کرناٹک، کیرالا، گوا اور چھتیس گڑھ کیلئے خدمات انجام دیگا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی اور حیدرآباد میں ان کے کلچر میں کافی یکسانیت پائی جاتی ہے اور امید ظاہر کی کہ یہ قونصلیٹ قدیم تعلقات کو مستحکم کرنے میں اہم رول ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ترکی اور دیگر عرب ممالک کے ساتھ مضبوط تعلقات کے حق میں ہیں اور توقع ہے کہ یہ قونصلیٹ اس سمت میں اہم اور کلیدی رول ادا کرے گا۔ انہوں نے تیقن دیا کہ اس قونصلیٹ کو درکار تمام انفراسٹرکچر فراہم کیا جائے گا اور وہ شخصی طور پر وزیر خارجہ سشما سوراج سے نمائندگی کریں گے۔ ترکی کے قونصل جنرل موراٹ عمبرگولو نے بتایا کہ ہر سال تقریباً40 ملین سیاح ترکی آتے ہیں اور ان میں تقریباً 1.20لاکھ ہندوستان سے ترکی آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مئی اور ستمبر ترکی آنے بہترین وقت ہوتا ہے۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ یہ نیا قونصلیٹ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بالخصوص سیاحت، صحت اور آئی ٹی شعبوں میں اضافہ اور اس میں استحکام کیلئے ایک اہم رول ادا کرے گا۔ اس موقع پر ٹالی ووڈ اداکارہ لکشمی منچو کو حیدرآباد میں قائم ترکی کے قونصلیٹ جنرل کی جانب سے پہلا ویزا جاری کیا گیا۔