امریکی قونصل جنرل متعینہ حیدرآباد کے ہاتھوں افتتاح
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : امریکی قونصل جنرل متعینہ حیدرآباد مائیکل ملیسن نے آج
e فریش پلیٹ فارم کا افتتاح انجام دیا ۔ جس سے ایگری فوڈ سپلائی میدان میں آن لائن ، آف لائن معلومات فراہم ہوں گی جب کہ یہ امریکی صارفین اور ہندوستان میں موجود غذائی اجناس پیدا کرنے والوں کے درمیان اہم رابطہ کا کام انجام دے گا ۔ افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مائیکل ملیسن نے ان خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ای فریش پلیٹ فارم سے ہندوستان اور امریکہ کے درمیان باہمی تجارت میں فروغ حاصل ہوگا اور تجارت میں موجودہ 100 بلین ڈالرس سے پانچ سو بلین ڈالرس کا اضافہ درج ہوسکتا ہے ۔ جب کہ یہ دونوں ممالک کی معاشی صورتحال کے لیے بہتر ہوگا ۔ انہوں نے اس موقع پر ایکریساٹ ، یو ایس اے آئی ڈی ، اچاریہ رنگا زرعی یونیورسٹی ، مشی گن اسٹیٹ یونیورسٹی نیشنل ہارٹیکلچر مشن کی کارکردگی کا ذکر کیا ۔ قبل ازیں مینجنگ ڈائرکٹر ای فریش سری ہری کوٹیلہ نے اس پلیٹ فارم کو کسانوں ، تاجرین ، صارفین کے لیے مفید بتایا ۔ شیوکمار رنتنگا صدر فیاپسی ، گوپالا کرشن سابق آئی اے ایس آفیسر نے بھی خطاب کیا ۔۔