حیدرآباد میں ایک ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری گوگل کا اتفاق

حیدرآباد ۔ 12 ۔ مئی (این ایس ایس) ریاست تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے کہا ہے کہ آئی ٹی کے عالمی شہرت یافتہ سرکردہ ادارہ گوگل نے آئندہ چار سال کے دوران حیدرآباد میں ایک ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری سے اتفاق کرلیا ہے۔ کے ٹی راما راؤ اور محکمہ آئی ٹی کے سکریٹری جیئش رنجن نے امریکہ کے ماؤنٹین ویو میں واقع گوگل کے صدر دفتر کا آج دورہ کیا جہاں گوگل کے نائب سربراہ ڈیوڈ راڈ کلف کے ساتھ بات چیت کے بعد جیئش رنجن اور راڈکلف نے یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے جس کے مطابق گوگل دو ملین مربہ فٹ کے رقبہ پر ایک ہزار کروڑ روپئے کے سرمایہ سے اپنا کیمپس قائم کرے گا۔یہ کیمپس گچی باؤلی میں 7.2 ایکر پر قائم کیا جائے گا۔