حیدرآباد میں آج سن رائیزرس اور پنچاب میں دلچسپ مقابلہ متوقع

حیدرآباد۔25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) ممبئی انڈینس کے خلاف ناقص آغاز کے باوجود بولروں کے دم پر قابل تعریف جیت درج کرنے والی سن رائزرس حیدرآباد نے خود کو ثابت کر دیا ہے اور اب وہ کل یہاں اپنے گھریلو میدان میں کنگز الیون پنجاب کے فتوحاتی سلسلے کو روکنے کے لئے اترے گی جو جدول میں دوسرے نمبر پر موجود ہے ۔حیدرآباد کی آئی پی ایل کے رواں سیزن میں کارکردگی اب تک کافی تسلی بخش رہی ہے اور اس نے اپنے چھ میچوں میں چار جیتے ہیں جبکہ دو میچوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ وہ جدول میں تیسرے نمبر پر ہے جبکہ پنجاب بھی بہترین فارم میں کھیل رہی ہے اور اپنے پانچ میچوں میں چار جیت اور واحد شکست کے بعد وہ دوسرے نمبر پر موجود ہے ۔دونوں ہی ٹیمیں جب حیدرآباد میں جمعرات کو آمنے سامنے ہوں گی تو ان کی کوشش جیت کے سلسلے کو برقرار رکھنے کی ہوگی۔حیدرآباد نے اپنے گزشتہ میچ میں زبردست کھیل سے ثابت کر دیا ہے کہ ٹورنمنٹ میں اس کے پاس مضبوط بولنگ بھی ہے جو کبھی بھی میچ کا رخ پلٹ سکتی ہے ۔ ممبئی کے خلاف محض 18.4 اوور میں 118 پر ڈھیر ہونے کے باوجود جہاں ایک وقت اسے شکست خوردہ تصور کیا جا رہا تھا تو اس کے بولروں نے معمولی اسکور کا بھی شاندار دفاع کیا اور حریف ٹیم کو 87 رنز پر ہی ڈھیر کرکے میچ 31 رنز سے جیت لیا۔حیدرآباد کے لیے میڈیم فاسٹ بولر سدھارتھ کول نے جہاں 23 رن پر تین وکٹ لئے تو افغانستان کے اسپنر راشد خان نے چار اوور میں 11 رن پر دو اور باسل تھمپي نے چار رن پر دو وکٹ لئے ۔وہیں سندیپ شرما نے بھی کفایتی بولنگ کی اور تین اوور میں صرف نو رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔ ٹیم کے ہر بولر نے وکٹیں حاصل کیں اور رن بھی کم دیئے ۔ حیدرآباد کی جیت اس لئے بھی اہم ہے کیونکہ اس نے ممبئی جیسی ٹیم کے بہترین بیٹسمینوں کو رن نہیں بنانے دیئے ۔دوسری طرف پنجاب بھی 11 ویں ایڈیشن میں نئے کپتان روی چندرن اشون کی قیادت میں زبردست فارم میں ہے اور اس نے گزشتہ میچ میں دہلی ڈیئر ڈیولس کو اس کے گھریلو میدان پر محض چار رنز سے شکست دی تھی۔ یہ میچ بھی پنجاب کو اس کے بولروں نے جتوایا تھا۔