حیدرآباد ۔ 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) رواں سیزن شاندار مظاہروں کی وجہ سے بلند حوصلہ کی حامل ٹیم مہاراشٹرا اور غیرمعمولی نتائج دینے والی کرناٹک کے درمیان یہاں حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں رانجی ٹرافی کا کل فائنل مقابلہ شروع ہوگا اور مہاراشٹرا 72 برس کے خطاب کے قحط کو ختم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ مہاراشٹرا نے دو مرتبہ خطابات حاصل کئے ہیں لیکن یہ دونوں خطابات ہندوستان کی آزادی سے قبل حاصل ہوئے ہیں جیسا کہ 1939-40 اور 1940-41ء سیزن میں مہاراشٹرا رانجی ٹرافی چمپیئن کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
کیدار جئے دیو اور وجئے زول کیلئے خطاب حاصل کرنا ایک سخت امتحان سے کم نہیں کیونکہ انہیں آر وجئے کمار اور ابھینو متھن کے ہمراہ صمد فلاح اور انوپم سنکیلچا کو جارحانہ اوپنر رابن اتھپا کا سامنا رہے گا جبکہ لوکیش راہول اور کرن نیر بھی توجہ کا مرکز ہوں گے۔ مہاراشٹرا نے رواں سیزن غیرمعمولی مظاہرہ کرتے ہوئے 21 برس کے بعد رانجی فائنل میں رسائی حاصل کی ہے کیونکہ آخری مرتبہ اس ٹیم نے 1992-93ء فائنل کھیلا تھا جہاں انہیں پنجاب کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ مہاراشٹرا کیلئے سرفہرست 5 بیٹسمینوں نے 500 سے زائد رنز اسکور کئے ہیں جس میں کیدار 1074 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں جس میں 5 سنچریاں بھی شامل ہیں۔