حیدرآباد میٹرو ریل شہریوں کے لیے ورلڈ کلاس ٹرانسپورٹ سہولت

شہر کی ترقی کے لیے اہم انفراسٹرکچر ، نیتی آیوگ عہدیداروں کا اظہار ستائش
حیدرآباد ۔ 5 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : نیتی آیوگ کے مشیر سنیتا سانگھی اور ڈائرکٹر جتندر سنگھ نے آج حیدرآباد میٹرو ریل ایم ڈی این وی ایس ریڈی سے ملاقات کی اور حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ کے اختراعی اقدامات و خصوصیات کو اختیار کرنے پر ستائش کی ۔ انہوں نے اس پراجکٹ کی کامیابی کے ساتھ تکمیل کے لیے حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا ۔ ان عہدیداروں نے حیدرآباد میٹرو کے تجربات سے سبق حاصل کرنے کی خواہش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے سب سے بڑے پی پی پی میٹرو پراجکٹ کو روبہ عمل لانے کے لیے درپیش چیلنجس سے نمٹنے کے لیے حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ کی تفصیلات سے واقفیت ضروری ہے ۔ حیدرآباد میٹرو ریل کے ایم ڈی این وی ایس ریڈی نے تمام تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ میٹرو ریل سے ٹریفک کی بے ہنگمی کم ہوجائے گی ۔ آلودگی کی سطح بھی گھٹ جائے گی ۔ شہریوں کے لیے عالمی سطح کی ریل سرویس فراہم کی جائے گی ۔ یہ میٹرو ریل بلا شبہ شہریوں کے لیے ایک بہترین سفری پراجکٹ ہوگا ۔ عوام کو عالمی درجہ کی سہولتیں میسر ہوں گی ۔ اس پراجکٹ کے لیے انجینئرنگ کو خصوصیت حاصل ہے ٹرین کنٹرول کے لیے کمیونیکیشن رابطہ موثر رہے گا ۔ سگنل کی ٹکنالوجی عمدہ اور اعلی ہوگی ۔ ہندوستان میں پہلی مرتبہ اس طرح کے سگنلس استعمال کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو ریل نہ صرف حیدرآباد کی شان ہوگی بلکہ یہ شہریوں کو ترقی کی بلندیوں پر لے جائے گی ۔ اس پراجکٹ کو شہری ضروریات اور تقاضوں کو مد نظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے ۔ میٹرو ریل کے اسٹیشنوں کو اہم مقامات پر تعمیر کیا گیا ہے تاکہ عوام آسانی سے ماباقی سفر کے لیے بس حاصل کرسکتے ہیں ۔ آفس جانے کیلئے قریبی اسٹیشن کا انتخاب کرسکتے ہیں ۔