حیدرآباد 14ستمبر ( سیاست نیوز) اوپل علاقہ سے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والے دو اسکول کے طالبات کا پتہ چل گیا ہے۔ کل 8 ویں جماعت کی عرفانہ بیگم ساکن ستیہ نگر اور اولڈ رامنتا پور کی ساکن فاطمہ بیگم اپنے مکان سے لاپتہ ہوگئے تھے۔ ان کے والدین نے اوپل پولیس سے شکایت درج کروائی تھی اور جس کے نتیجہ میں پولیس نے ایک مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔ آج صبح مذکورہ طالبات نے اپنے والدین کو بذریعہ فون اطلاع دی کہ وہ ممبئی میں موجود ہے اور انہیں بعض افراد نے جبری طور پر وہاں منتقل کیا ہے۔ والدین نے اوپل پولیس کو اس سلسلہ میں اطلاع دی جس کے سبب ایک خصوصی ٹیم کو ممبئی روانہ کردیا گیا ہے اور انہیں کل رات حیدرآباد منتقل کئے جانے کی امید ہے ۔ انسپکٹر اوپل مسٹر وائی نرسمہا ریڈی نے بتایا کہ لڑکیوں کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد ہی اس بات کا پتہ لگایا جاسکتا ہے کہ انہیں اغواء کیا گیا تھا یا پھر وہ کسی وجہ سے ممبئی چلی گئی تھیں۔ دو طالبات کے اچانک لاپتہ ہوجانے کے سبب اسکول اور محلہ کے علاوہ دونوں خاندانوں میں تشویش پیدا ہوگئی تھی۔