حیدرآباد جڑواں دھماکے ، فیصلہ 4ستمبر تک موخر

حیدرآباد 27 اگسٹ (سیاست نیوز) لمبنی پارک گوکل چاٹ جڑواں بم دھماکے کیس کا فیصلہ 4 ستمبر تک ملتوی کردیا گیا۔ این آئی اے کی خصوصی کورٹ کے جج ڈاکٹر ٹی سرینواس راؤ نے آج کیس کی سماعت کے دوران انڈین مجاہدین کے چار مبینہ ارکان اکبر اسمٰعیل چودھری، عنیق شفیق سید، محمد صادق بادشاہ شیخ ، انصار احمد بادشاہ شیخ کی ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ سماعت کی۔ جج نے جڑواں بم دھماکے کیس کے فیصلے کو 4 ستمبر کو سنانے کا اعلان کیا۔ 25 اگسٹ 2007 ء کو ہوئے جڑواں بم دھماکوں میں 42 سے زائد افراد ہلاک اور 70 سے زیادہ افراد زخمی ہوگئے تھے۔ اس کیس کی تحقیقات ریاست کے انسداد دہشت گردی شعبہ کاؤنٹر انٹلی جنس سیل نے کی تھی اور اس سلسلہ میں انڈین مجاہدین کے مبینہ ارکان کے خلاف چارج شیٹ بھی داخل کی گئی تھی۔ کیس کی سماعت مکمل ہونے پر عدالت نے بم دھماکوں کیس کا فیصلہ آج سنانے کا اعلان کیا تھا لیکن بعض وجوہات کی بناء اسے 4 ستمبر تک کے لئے ملتوی کیا گیا۔