حیدرآباد بُک فیر کا 17 تا 26 ڈسمبر این ٹی آر اسٹیڈیم میں انعقاد

300 اسٹالس میں 10 تا 15 زبانوں کی کتابیں ، عوام میں مطالعہ کا ذوق برقرار
حیدرآباد۔ 30 نومبر (سیاست نیوز) حیدرآباد بُک فیر کے زیراہتمام 17 تا 26 ڈسمبر 2014ء بمقام این ٹی آر اسٹیڈیم واقع اندرا پارک حیدرآباد ’’حیدرآباد بُک فیر‘‘ کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا جس میں ہندوستان میں بولی جانے والی مختلف 10 تا 15 زبانوں پر مشتمل کتب کی دستیابی کیلئے ہندوستان بھر کے مختلف مقامات سے تعلق رکھنے والے زائد از 300 اسٹالس قائم کئے جائیں گے۔ اس بات کا اعلان صدر حیدرآباد بُک فیر مسٹر گوری شنکر، نائب صدر مسٹر راجیش اور جنرل سکریٹری مسٹر کے چندرا موہن نے آج یہاں منعقدہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد بُک فیر کی جانب سے منعقد کی جانے والی 10 روزہ کتابوں کی نمائش جس میں ہندوستان بھر میں بولی جانے والی مختلف زبانوں جیسے اُردو، ہندی، فارسی، تلگو، انگلش، سنسکرت، ملیالی، گجراتی، کنڑی، مراٹھی کے علاوہ دیگر زبانوں میں سائنس و ٹیکنالوجی، پرسنالٹی ڈیولپمنٹ، سوشیل سائنس، اخلاقی، مذہبی، سماجی انصاف، بچوں میں صلاحیتوں کو ابھارنے، اسلامک، سماج سدھار پر مشتمل تمام کتابیں دستیاب رہیں گے تاکہ عوام مذکورہ کتابوں کا مطالعہ کرتے ہوئے اپنی معلومات میں اضافہ کیساتھ ساتھ سماج سدھار کو بھی یقینی بناسکیں اور بتایا کہ بک فیر میں کتابوں پر 10 فیصد رعایت دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ بک فیر کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے اس سے متعلق کالج اور اسکولی طلبہ کے علاوہ عوام میں شعور بیدار کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لوگوں کا خیال تھا کہ الیکٹرانک میڈیا اور سوشیل میڈیا میں تیزی کیساتھ ترقی کے نتیجہ میں عوام میں کتب کے مطالعہ کے ذوق میں کمی واقع ہوگی لیکن ایسا بالکل نہیں ہوا بلکہ عوام میں کتب کے مطالعہ کا ذوق اب بھی باقی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متذکرہ حیدرآباد بک فیر کے اوقات کار صبح 12 بجے دن تا 8:30 بجے شام ہوں گے۔ قبل ازیں اس موقع پر سابق رکن قانون ساز کونسل مسٹر چکا رامیا نے حیدرآباد بک فیر 2014ء کا ’’لوگو‘‘ کی رسم اجرائی انجام دینے کے بعد مخاطب کرتے ہوئے کتابوں کے مطالعہ کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مطالعہ سے ملک اور سماج کی ترقی کے علاوہ سماج میں پائی جانے والی برائیوں کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے اور مطالعہ سے عملی صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے خواہش کی کہ وہ مذکورہ بک فیر میں کثیر تعداد میں شرکت کرتے ہوئے نایاب کتابوں کو خرید کر مطالعہ کریں تاکہ اپنی معلومات کے ذخیرہ میں اضافہ ہو۔ اس موقع پر چیرمین تلنگانہ ریسورس سنٹر مسٹر ویدا کمار، ایڈیٹر ویکشمم مسٹر این وینو گوپال بھی موجود تھے۔