حیدرآباد بمقابلہ راجستھان،آج ایک اور دلچسپ مقابلہ متوقع

جے پو۔28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) آئی پی ایل کے رواں سیزن میں نشیب و فراز سے گزر رہی اجنکیا راہانے کی راجستھان رائلس کل یہاں اپنے گھریلو میدان پر ہونے والے میچ میں مضبوط سن رائزر حیدر آباد کے کامیابی کے سلسلہ کو روک کر فتوحات کی سمت آگے بڑھنے کے مقصد کے ساتھ اترے گی۔راجستھان نے اب تک چھ میچوں میں سے تین جیتے ہیں اور تین میں شکست کھائی ہے اور وہ چھ نشانات کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے جبکہ حیدرآباد نے سات میچوں میں اب تک دوناکامیوں اور پانچ فتوحات حاصل کئے ہیں جس کی بدولت وہ دوسرے نمبر پر ہے ۔ حیدرآباد نے پچھلے میچ میں کنگس الیون پنجاب کو13 رنز سے شکست دی ہے۔ اس میچ میں ا س نے 132 رن کے چھوٹے ہدف کا بھی کامیاب دفاع کیا تھا۔ کین ولیمس کی کپتانی میں حیدرآبادی ٹیم کا بیٹنگ شعبہ اب تک کمزور رہا لیکن اس کے بولروں نے حیران کن مظاہرے کرتے ہوئے ثابت کردیا کہ وہ ٹیم کی سب سے بڑی طاقت ہیں جو مسلسل اسے میچوں میں کامیابی دلا رہے ہیں۔دوسری جانب راجستھان کی کارکردگی میں مسلسل اتار چڑھاؤ نظر آرہا ہے ۔ اس نے ممبئی کے خلاف پچھلا میچ تین وکٹ سے جیتا تھا۔راجستھان اپنے گزشتہ میچ میں جیت کے بعد گھریلو میدان پر کھیلنے اترے گی تو اسے خود اعتمادی کے ساتھ اسے گھریلو میدان کا بھی فائدہ ملے گا۔ سنجوسام سنگ 47.08 کے اوسط سے چھ میچوں میں239 رنز بناکر ٹیم کے اہم اسکورر ہیں۔ لیکن راہنے بیٹنگ میں بہت زیادہ متاثر نہیں کرسکے اور26.66 کے اوسط سے انہوں نے 160 بنائے ہیں جس میں محض45 رنز ہی ان کا بڑا اسکور ہے ۔حیدرآباد نے جہاں بہت چھوٹے اسکور کا دفاع اپنے بولروں کے دم پر کیا ہے تو دوسری جانب راجستھان کے لئے بورڈ پر بڑے اسکور کے ساتھ اچھی بولنگ بھی کرنی ہوگی۔ حیدرآبادکے پاس افغانستان کے راشد خان جیسا نمبر ایک بولر ہے جنہوں نے 22.33 کے اوسط سے نو وکٹ لئے ہیں۔ وہیں سدھار کول نے 21.88 کے اوسط سے اتنے ہی وکٹ لئے ہیں۔ بھونیشور کمار، سندیپ شرما، بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن 8 وکٹ بلی اسٹینلیک سبھی بولرس شاندار اور تجربہ کار ہیں جو کسی بھی اسکور کا دفاع کرسکتے ہیں۔ حالانکہ ٹیم کے بیٹسمینوں کو اپنے کھیل میں کافی سدھار کی ضرورت ہے ۔ٹیم سب سے بڑے کپتان ولیمس سن پر رنوں کے لئے منحصر ہے جو تین نصف سنچریوں اور43.16 کے اوسط سے 259 رن بناکر سب سے زیادہ اسکورر ہیں جبکہ شکھر دھون نے 146 رن بنائے ہیں۔ دھون کے ناٹ آؤٹ 78 اور 45 رن کی اننگز کے بعد 7،0،5 اور11 رنز بنائے ۔ لوور آرڈر میں یوسف پٹھان اور شکیب اچھے اسکورر ہیں اور ٹیم کو راجستھان کے گھریلو میدان پر کامیابی کی لے رکھنے کے لئے اچھا کھیل دکھانا ہوگا۔