پونے ۔12مئی(سیاست ڈاٹ کام)مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں دو مرتبہ کی چمپئن چینائی سوپر کنگس کل جب اپنے گھریلو میدان پونے میں ٹورنمنٹ کی نمبر ایک ٹیم سن رائزرس حیدرآباد کی میزبانی کرے گی تو اس کا واحد مقصد ناک آؤٹ میں اپنی جگہ یقینی کرنا ہوگا۔دو سال کی معطلی کے بعد مہندر سنگھ دھونی کی ٹیم گزشتہ میچ میں جیت کے قریب آکر راجستھان رائلس سے ایک گیند باقی رہتے چار وکٹ سے میچ ہار گئی توکین ولیمسن کی ٹیم حیدرآباد کی میزبانی کرے گی جس نے پچھلا میچ دہلی ڈیئر ڈیولس کو اسی کے گھریلو میدان پر شکست دی۔اپنی بہترین کارکردگی سے خطاب کی دعویدار مانی جا رہی حیدرآباد کی ٹیم فی الحال بہترین فارم میں ہے اور11 میچوں میں نو فتوحات 18 نشانات کے ساتھ سرفہرست ہے ۔ اس کی کوشش رہے گی کہ وہ چینائی کے خلاف بھی اپنی شاندار فارم کو برقرار رکھتے ہوئے اپنے موقف کو مضبوط رکھے ۔ چینائی کے اب11 میچوں میں 14 نشانات ہیں اور وہ دوسرے نمبر پر ہے ۔چینائی نے راجستھان کے خلاف جس طرح جیتی ہوئی بازی گنوائی اس سے کپتان دھونی کے ڈیتھ اووروں میں غلط بولروں کے انتخاب پر بھی سوال اٹھ رہے ہیں۔ ایک وقت جیت کے قریب پہنچنے والی ٹیم کے لیے انگلینڈ کے ڈیوڈ ولی چار اوور میں 47 رن دے کر ہار کی بڑی وجہ بنے ۔چینائی کے لیے حیدرآباد کو شکست دینا آسان نہیں ہوگا جس نے ٹورنمنٹ میں اپنی بولنگ سے بہت چھوٹے اسکور کا بھی بخوبی دفاع کیا ہے تو بڑے ہدف کا بھی آسانی سے تعاقب کیا ہے ۔اب تک صرف دو ہی میچ ہارنے والی حیدرآباد کے پاس کپتان ولیمسن اور شکھر دھون جیسی جوڑی ہے جنہوں نے دہلی کے خلاف ناٹ آوٹ92 اور ناٹ آؤٹ 83 رن کی جارحانہ اننگز سے 188 رن کے بڑے ہدف کو بھی آسانی سے پار کر لیا۔