ممبئی۔26 مئی(سیاست ڈاٹ کام) زبردست کرکٹ، غضب کی مہم جوئی، موج مستی اور نئے نامعلوم چہروں کو اسٹار بنا دینے والے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل)کا 11 واں سیزن اتوارکو سن رائزرس حیدرآباد اور چینائی سوپرکنگس میں سے کسی ایک کو چمپئن بنانے کے ساتھ ختم ہو جائے گا۔تقریبا دو ماہ تک جاری رہی دنیا کی سب سے زیادہ مقبول گھریلو ٹوئنٹی20 لیگ میں اتار چڑھاو کے دور سے گزرنے کے بعد مہندر سنگھ دھونی کی کپتانی والی چینائی اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کی کپتانی والی حیدرآباد فائنل میں داخل ہونے میں کامیاب رہی ہیں۔حیدرآباد نے جمعہ کو دوسرے کوالیفائنگ میں دو بار کی چمپئن کولکاتا نائٹ رائڈرس کو اعصاب شکن مقابلے میں 14 رنز سے ہراتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی تھی۔دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں ٹیمیں پہلے کوالیفائنگ سے فائنل تک کے چھ دنوں کے سفر میں دوسری مرتبہ مقابلہ کر نے جا رہی ہیں لیکن اس بار ان کے درمیان مسئلہ خطاب کا ہے ۔آئی پی ایل کے گروپ مرحلے میں سرفہرست رہی حیدرآباد اور دوسرے نمبر پر رہی چینائی کے درمیان اس سال سفر انتہائی دلچسپ بھی رہا ہے جہاں دونوں نے ہی ایک دوسرے کو سب سے زیادہ چیلنج دیا ہے ۔ چینائی نے 13 مئی کو پونے میں حیدرآباد کو گروپ میچ میں آٹھ وکٹوں سے ہراتے ہوئے پلے آف میں اپنی جگہ پکی کی تھی، تو پہلے کوالیفائنگ میں بھی دونوں کے درمیان ہی مقابلہ ہوا اور اس بار پھر ماہی کی ٹیم نے بازی ماری اور وانکھیڑے میں ہوئے میچ میں دو وکٹ سے جیت درج کر براہ راست فائنل میں پہنچ گئی۔دونوں کے درمیان یہ مسلسل تیسرا جبکہ ممبئی کے وانکھیڑے میدان میں مسلسل دوسرا میچ ہے ۔