حیدرآباد آج راجستھان کے خلاف کامیابی کاخواہاں

سن رائیزرس کی ناقص بولنگ تشویش کا باعث
اسمتھ اور وارنر کے مظاہرے توجہ کا مرکز

حیدرآباد ۔28مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) سن رائزرس حیدرآباد کل یہاں اپنے گھریلو میدان میں کھیلے جانے والے سیزن کے اپنے دوسرے مقابلے میں منکڈڈ تنازعہ میں ملوث راجستھان رائلز کے خلاف کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنے مقصد کی طرف لوٹنے کی کوشش کرے گی ۔ راجستھان رائلز کی رواں سیزن مہم کا آغاز تنازعہ کے ساتھ ہوا جیسا کہ اس کے جارحانہ بیٹسمین جوس بٹلر منکڈڈ طریقہ سے آؤٹ ہونے والے آئی پی ایل کے پہلے کھلاڑی ہیں ۔ جس وقت راجستھان 185 رنز کا تعاقب کررہی تھی اور بٹلر 69رنز بناکر ٹیم کو کامیابی کی سمت آسانی سے آگے بڑھارہے تھے اُس وقت پنجاب کے کپتان روی چندرن اشون نے انہیں متنازعہ انداز میں رن آؤٹ کیا ۔ اس واقعہ نے دنیائے کرکٹ کو تقسیم کردیا ہے ۔ ایک حلقہ وہ ہے جو اشون کے اس طریقہ کار کی حمایت کررہا ہے تو دوسرا اس کی مخالفت کرتے ہوئے اسے کھیل کی اسپرٹ کی مخالفت میں کیا جانے والا عمل قرار دیا ہے ۔ حیدرآبادی ٹیم نے اپنے سیزن کے افتتاحی مقابلہ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرس کے خلاف آخری لمحات تک بہتر مظاہرہ کیا تھا لیکن اختتامی اوورس میں اندرے رسل نے طوفانی اننگز کھیلتے ہوئے مقابلہ کو اپنی ٹیم کے حق میں کیا تھا ۔ حیدرآباد کیلئے ڈیوڈ وارنر کی پابندی کے بعد واپسی اور پہلے مقابلہ میں 85رنز کی اننگز خوش آئند ہیں اور اُمید کی جارہی ہے کہ وہ اپنے ہوم گراؤنڈ میں کل حیدرآبادی شائقین کو ایک اور تفریحی بیٹنگ فراہم کریں گے ۔ سن رائزر حیدرآباد کا زیادہ انحصار وارنر پر ہے جب کہ کپتان کین ویلیمسن ، جانی بیرسٹو ، منیش پانڈے ، آل راؤنڈر وجئے شنکر ، یوسف پٹھان اور شکیب الحسن بھی بیٹنگ شعبہ کے اہم نام ہیں ۔ بولنگ شعبہ کی قیادت بھونیشور کمار کررہے ہیں لیکن دیگر بولروں کے مظاہرے ٹیم کیلئے تشویش کا باعث ہے جیسا کہ کے کے آر کے خلاف تین اوورس میں رسل نے 53رنز اسکور کئے ۔ یہ تین اوور بھونیشور کمار ، شکیب الحسن اور سدھارتھ کوئل نے ڈالے تھے ۔ حیدرآباد کیلئے ناقص بولنگ مظاہرہ تشویش کا باعث ہے ۔