حیدرآباد ، سائبر آباد میں آتشزدگی کے دو واقعات

حیدرآباد ۔ /28 فبروری (سیاست نیوز) حیدرآباد و سائبرآباد میں آج صبح دو آتشزدگی کے واقعات پیش آئے ۔ پہلے واقعہ میں شہر کے پاش علاقے حیدر گوڑہ میں واقع پائیونیر چیمبر اپارٹمنٹس کی پہلی منزل میں اچانک آگ لگ گئی ۔ جس کے نتیجہ میں اپارٹمنٹ میں مقیم افراد میں سنسنی پھیل گئی ۔ اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر فائرانجن عملہ وہاں پہونچ گیا اور تیسری ، چوتھی اور پانچویں منزل پر موجود افراد کو اپارٹمنٹ کی چھت پر منتقل کردیا گیا ۔ چونکہ پہلی منزل میں آگ لگنے کے سبب عمارت میں دھواں پھیل گیا تھا اور وہاں کے مقیم افراد کو اپارٹمنٹ کے باہر نکلنے میں دشواریاں پیش آئیں ۔ فائر انجن عملہ نے وہاں کے افراد کو ہائیڈرالک فائرانجن (برونٹو اسکائی لفٹ) کے ذریعہ انہیں وہاں سے باہر نکالا ۔ اسی قسم کے ایک واقعہ میں مادھاپور ، اویسٹر ہوٹل میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ آج صبح کی اولین ساعتوں میں ہوٹل کی دوسری منزل میں اچانک آگ لگ گئی اور شبہ کیا جارہا ہے کہ پیانل بورڈ میں شارٹ سرکٹ کے سبب یہ واقعہ پیش آیا ۔ فائر انجن عملہ نے کچھ ہی دیر میں آگ پر قابو پالیا ۔