حیدرآبادی کھلاڑی محمد سراج بنگلورواور مہدی حسن حیدرآباد کیلئے کھیلیں گے

سراج کو 2.60 کروڑ اور مہدی حسن کو 20 لاکھ روپئے حاصل ہوئے
حیدرآباد۔28جنوری (سیاست ڈاٹ کام)دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے میلے آئی پی ایل 2018جس پر تمام کی نظریں مرکوز تھیں،میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے دو کھلاڑیوں نے جگہ بنائی ۔آئی پی ایل 2018کیلئے کھلاڑیوں کی بولی کا دوسرا دن ان کھلاڑیوں کیلئے کافی بہتر رہا کیونکہ ایک ہی شہر سے تعلق رکھنے والے ان دو کھلاڑیوں کا دو مختلف ٹیموں کے لئے انتخاب عمل میں آیا۔اس انتخاب پر ان کے خاندانوں میں مسرت کی لہر دیکھی جارہی ہے ۔سراج ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے لئے بھی کھیل چکے ہیں۔ اس طرح اس آئی پی ایل کی بولی نے ان دونوں کھلاڑیوں کے کیرئیر کو نئی سمت اور نئی جلا بخشی ہے ۔حیدرآبادی کھلاڑیوں محمد سراج اور مہدی حسن کو آئی پی ایل 2018کے سیزن کیلئے بالترتیب رائل چیلنجرس بنگالورو اور سن رائزرس حیدرآباد نے حاصل کرلیا۔جواں سال فاسٹ بولر سراج کا ستارہ عروج پر ہے جنہیں اس مرتبہ بنگالورو فرانچائز نے 2.60کروڑ روپے کے عوض خریدا ہے ۔ گذشتہ برس سراج کو سن رائزرس نے 2.60کروڑ روپے کے عوض خریدا تھا اور انہوں نے آئی پی ایل کے پچھلے سیزن میں کافی متاثر کن مظاہرہ کیا تھاجس کا صلہ انہیں قومی ٹیم میں شمولیت کے عوض ملا اور مہدی حسن کو سن رائزر س حیدرآباد نے 20 لاکھ روپئے میں خریدا۔