حیدرآبادکا آج گھریلومید ان پرچینائی سے مقابلہ

حیدرآباد۔21 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) آئی پی ایل کے رواں سیزن میں دو سال کی معطلی کے بعد کھیلنے والی مہندر سنگھ دھونی کی چینائی سوپر کنگس کی ٹیم کمال کا مظاہرہ کر رہی ہے اور گزشتہ میچ میں پونے کے اپنے گھریلو میدان پر کامیابی کے بعد دھونی کے کھلاڑیوں کے سامنے سن ر ائزرس حیدرآباد کو اس کے گھریلو میدان پر شکست دینے کا چیلنج ہوگا۔چینائی نے اپنا پچھلا میچ راجستھان رائلس کے خلاف اپنے پونے میں کھیلا تھا اور64 رنز سے کامیابی درج کی تھی جس کے بعد وہ جدول میں چھ نشانات کے ساتھ سرفہرست پر پہنچ گئی ہے جبکہ حیدرآباد بھی چار میچوں میں تین جیت کے بعد یکساں چھ نشان کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے ۔ کولکتہ نائٹ رائڈرس چھ نشانات کے ساتھ بہتر رن ریٹ کی وجہ سے دوسرے نمبر پر ہے ۔دھونی اپنی کپتانی میں چینائی کو دو مرتبہ چیمپئن بنا چکے ہیں اور اس مرتبہ بھی ٹیم خطاب کی مضبوط دعویدار نظر آرہی ہے ۔چینائی نے راجستھان کو پونے میں کھیلے گئے میچ میں شکست دی تھی۔ شین واٹسن نے آئی پی ایل میں اپنی تیسری سنچری بناتے ہوئے57 گیندوں میں نو چوکوں اور چھ چھکوں پر مشتمل اننگزمیں 106 رنز بنائے۔چینائی کے پاس واٹسن، امباٹي رائیڈو، سریش رینا جبکہ مڈل اور لوورآرڈر میں دھونی، ڈیون براوو اور آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ ہیں ۔ دھونی نے ٹیم کے لئے گزشتہ چار میچوں میں ناٹ آوٹ 79 رنز سمیت 114 رن بنائے ہیں۔وہ ٹیم کے چوتھے بہترین اسکورر اور بہترین میچ فنیشر ہیں جن کا ہر میچ میں اہم کردار رہتا ہے ۔ واٹسن ٹاپ اسکورر ہیں جنہوں نے 104 کی اوسط سے ٹیم کے لئے اب تک نہ صرف سب سے زیادہ 175 رنز بنائے ہیں بلکہ 16 کے اوسط سے چھ وکٹ لے کر سب سے کامیاب بولر بھی ہیں۔ جڈیجہ کا فارم تشویش کا سبب ہے جنہوں نے ابھی تک 22 کے اوسط سے چار میچوں میں 44 رنز ہی بنائے ہیں اور تجربہ کار اسپنر اتنے میچوں میں صرف ایک ہی وکٹ لے سکے ہیں۔ شاردل ٹھاکر (پانچ وکٹ) اور تجربہ کار اسپنر عمران طاہر اچھا مظاہرہ کر رہے ہیں۔دوسری طرف کین ولیمسن کی کپتانی میں حیدرآباد بھی بغیر کسی پریشانی کے مسلسل آگے بڑھ رہی ہے ۔اگرچہ اسے گزشتہ میچ میں پنجاب سے نزدیکی مقابلے میں 15 رنز سے شکست ہوئی جو اس کی ٹورنمنٹ میں پہلی شکست ہے ۔حیدرآباد نے گزشتہ میچوں میں راجستھان کو نو وکٹ، دو مرتبہ کی چمپئن ممبئی کو ایک وکٹ اور کولکتہ کو پانچ وکٹ سے شکست دی ہے لیکن گزشتہ میچ میں گیل کے طوفان کی وجہ سے وہ میچ کا دفاع نہیں کر سکی تھی۔حیدرآباد کے لیے بھی اپنے گھریلو میدان پر واپسی کا یہ اچھا موقع ہوگا لیکن اتوار کو اس کا سامنا چینائی جیسی مضبوط ٹیم سے ہے جس نے گزشتہ میچوں میں شکست کے باوجود بھی میچ جیتے ہیں۔ حیدرآباد کے پاس اس کے کپتان کے طور پر اسٹار ولیمسن ہے جو چار میچوں میں 146 رنز بنا کر ٹیم کے ٹاپ اسکورر ہیں تو شکھر دھون جیسا اسٹار ہندوستانی بھی موجود ہے ۔دپندر ہڈا، آل راؤنڈر شکیب الحسن، یوسف پٹھان کے طور پر حیدرآباد کے پاس اچھی بیٹنگ ہے تو وہیںبولروں میں دوسری ٹیموں کے مقابلے میں وہ کافی مضبوط ہے ۔میڈیم فاسٹ بولر سدھارتھ کول چھ وکٹ کے ساتھ ٹیم کے کامیاب کھلاڑی ہیں تو آسٹریلیا کے بلی اسٹین لیک اور بنگلہ دیش کے شکیب ٹیم کے سب سے اہم کھلاڑی ہیں اور چینائی کے خلاف انہیں اپنا ‘اے ‘ گیم دکھانا ہوگا۔بھونشور کمار سے بہتر آغاز کی امید ہے۔دوسرے مقابلے میں اجنکیا رہانے کی قیادت میں راجستھان رائلس کی ٹیم گھریلو میدان پر کھیلنے اترے گی جہاں اس کے سامنے ممبئی انڈینس جیسی مضبوط ٹیم کا چیلنج رہے گا ۔