حیدرآباد /28 مارچ ( سیاست نیوز ) ٹولی چوکی کے علاقہ حکیم پیٹ میں کارڈن سرچ آپریشن کے دوران 60 موٹر سائیکلوں کو ضبط کرلیا گیا ۔ رات دیر گئے تقریباً ساڑھے گیارہ بجے پولیس کے اعلی عہدیدار بشمول 250 پولیس ملازمین نے حکیم پیٹ کا محاصرہ کرلیا اور تین گھنٹے تک آپریشن جاری رکھا ۔ اس کارڈن سرچ آپریشن کی قیادت ڈپٹی کمشنر آف پولیس ویسٹ زون مسٹر وینکٹیشور راؤ نے کی اور ان تین گھنٹوں میں تقریباق مکانات کی تلاشی لی ۔ رات دیر گئے مکانات میں داخل ہوکر تلاشی سے عوام میں خوف اور بے چینی پیدا ہوگئی ۔ پولیس نے اس موقع پر 60 موٹر سائیکلوں اور تین آٹو رکھشا کو دستاویزات کی عدم موجودگی پر ضبط کرلیا جبکہ 40مشتبہ افراد کے علاوہ روڈی شیٹرس کو بھی حراست میں لے لیا ۔