حکومت یو پی کیخلاف مقامی بی جے پی ارکان کا احتجاج

لکھنؤ۔ یکم ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اُترپردیش کے بھارتیہ جنتا پارٹی سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ نے آج ریاست گیر سطح پر احتجاج کیا۔ وہ برقی بحران اور نظم و ضبط کی ناقص صورتِ حال کے علاوہ دیگر مسائل پر احتجاج کررہے تھے۔ ریاست کے تقریباً 50 ارکان پارلیمنٹ نے حضرت گنج کے جی پی او پارک میں دھرنا دیا تاکہ برقی بحران، نظم و ضبط کی ابتر صورتِ حال اور دیگر عوامی مسائل پر احتجاج کیا جاسکے۔ بی جے پی کے ترجمان وجئے بہادر پاٹھک نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں جو جاریہ سال کے اوائل میں منعقد کئے گئے تھے، پارٹی نے 80 میں سے 71 نشستیں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی قسم کے دھرنے ضلعی سطح پر مقامی شاخوں کی جانب سے منعقد کئے جائیں گے۔ پاٹھک نے کہا کہ ریاست گیر دھرنے کرنے کا فیصلہ ریاستی مجلس عاملہ کا اجلاس میں جو گزشتہ ماہ برنداون میں منعقد ہوا تھا، کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ، گورنر رام نائیک کو آج بعدازاں ایک یادداشت پیش کریں گے۔ ترجمان نے الزام عائد کیا کہ نظم و قانون کی صورتِ حال کا تخمینہ خواتین اور لڑکیوں کے خلاف جرائم کے واقعات کی تعداد سے کیا جاسکتا ہے۔