حکومت کے ’ یو ۔ ٹرنس ‘ کے خلاف دھرنا

نئی دہلی ۔ 2 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) راہول گاندھی کی قیادت میں آج کانگریس نے پارلیمنٹ ہاوز میں مودی حکومت کے ’ یو ۔ ٹرنس ‘ کے خلاف دھرنا منظم کیا ۔ کل ہی کانگریس نے حکومت کے موقف میں مسلسل تبدیلیوں کے تعلق سے ایک کتابچہ جاری کرتے ہوئے تنقید کی تھی ۔ راہول گاندھی اور دوسرے پارٹی ایم پیز نے پارلیمنٹ ہاوز کے احاطہ میں گاندھی جی کے مجسمہ کے روبرو 20 منٹ تک دھرنا منظم کیا ۔ پارٹی ارکان نے الزام عائد کیا کہ مودی حکومت در اصل حکومت کے نام پر سوانگ ہے ۔ پارٹی نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے انتخابات سے قبل کئے گئے تقریبا تمام وعدوں پر اپنے موقف کو بدل لیا ہے ۔ پارٹی قائدین نے کہا کہ وہ اس دھرنا کے ذریعہ ملک کے عوام کی توجہ مبذول کروانا چاہتے ہیں کہ کس طرح سے حکومت نے اپنے معلنہ موقف کو اپنی سہولت کی خاطر تبدیل کرلیا ہے ۔ کانگریس نے اپنے کتابچہ میں ادعا کیا تھا کہ پارٹی نے حساس نوعیت کے اور اہم ترین مسائل پر بھی اپنے موقف کو تبدیل کردیا ہے جن میں بیرون ملک سے کالے دھن کی واپسی اور سرحدات پر در اندازی جیسے مسائل بھی شامل ہیں۔ کانگریس نے مودی حکومت کے 100 دن کی تکمیل پر بھی ایک کتابچہ جاری کیا تھا ۔