ریت مافیا کو حکومت کی پشت پناہی حاصل، حق مانگنے والوں پر تھرڈ ڈگری،سرسلہ میں کانگریس کا جلسہ عام، اُتم کمار ریڈی و دیگر کی مخاطبت
سرسلہ۔/7 مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حکومت کے یہاں عوامی زندگیوں کی کوئی پرواہ نہیں ہے ۔ سرسلہ سے روزانہ ہزارہا غیر مجاز ریت کی لاریاں تیز رفتاری کے ساتھ حیدرآباد جارہی ہیں جس کی زد میں آکر سینکڑوں معصوم افراد لقمہ اجل ہورہے ہیں۔ ان واقعات پر ریاست تلنگانہ حکومت کی خاموشی معنی خیز ہے۔ ان خیالات کا اظہار تلنگانہ پردیش کانگریس کے صدر اتم کمار ریڈی نے کیا۔ وہ آج یہاں سرسلہ بائی پاس روڈ پر کانگریس کی جانب سے جاری پرجا چیتنیا بس یاترا کے جلسہ کو مخاطب کررہے تھے۔ انہوں نے گزشتہ دنوں ریت منتقل کرنے والی لاریوں کی زد میں آکر فوت ہونے والے دلت افراد کی نعش کے ساتھ نریلا عوام کی جانب سے کئے گئے احتجاج پر احتجاجیوں کو گرفتاری کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اس طرح انصاف کی مانگ کرنے والے نریلا کی معصوم عوام کو تھرڈ ڈگری استعمال کرتے ہوئے انہیں کسی بھی طرح کے کام کاج کرنے کے قابل بھی نہیں رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نریلا واقعہ جو ریاست سے دہلی تک جا پہنچا تھا۔ بابو جگجیون رام کی دلت بیٹی میارا کماری نے نریلا کا دورہ کرتے ہوئے نریلا متاثرین سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی آپ بیتی سن کر رو پڑیں۔ لیکن حلقہ سے نمائندگی کرنے والے ریاستی وزیر اور ان کے والد جو کہ چیف منسٹر ہیں ان متاثرین سے ملنا تک گوارہ نہیں کیا۔ جلسہ راجیہ سبھا کے سابق رکن وی ہنمنت راؤ نے اپنے خطاب میں ٹی آر ایس اور علاقہ سے نمائندگی کرنے والے ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کے سی آر نے تھرڈ فرنٹ کے قیام کے نام پر نیا سیاسی ڈرامہ شروع کیا ہے۔ انہوں نے کے سی آر کے فرقہ پرست جماعت بی جے پی سے قریبی تعلقات ہونے کا انکشاف کیا۔ اس جلسہ کو سابق ریاستی وزیر سریدھر بابو نے بھی مخاطب کیا اور کہا کہ سرسلہ ضلع کے تمام سرکاری دفاتر آج ٹی آر ایس پارٹی آفس میں تبدیل ہونے کا پارٹی پر الزام عائد کیا۔ اس جلسہ کو رکن قانون ساز کونسل محمد علی شبیر نے بھی مخاطب کرتے ہوئے تلنگانہ ریاست کی تشکیل کو سونیا گاندھی کی مرہون منت قرار دیا اور کہا کہ کے سی آر کا خاندان دہلی میں سونیا گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی جگہ دل میں ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کانگریس پارٹی پر اب تنقید کررہے ہیں۔اس جلسہ کو سابق اسپیکر ملو بھٹی وکرما نے بھی مخاطب کرتے ہوئے سنہرے تلنگانہ کیلئے ریاست میں 60 سالہ تاریخ رکھنے والی کانگریس کے برسر اقتدار آنے کو ضروری قرار دیا اور سرسلہ کے بنکروں کی خودکشی کے واقعات پر حکومت کی ناکامی قرار دیا اور کہا کہ حکومت کسان سمیت علاقے کے بنکروں کی خودکشی کے واقعات کی روک تھام میں ناکام ہوچکی ہے۔ اس جلسہ کو تلگودیشم سے کانگریس میں شامل ہونے والے ریونت ریڈی نے جذباتی انداز میں کے سی آر اور کے ٹی آر پر شدید تنقید کی۔ اس موقع پر پونم پربھاکر، جیون ریڈی، سید عظمت اللہ حسینی، انجن کمار یادو ، کٹکم مرتنجیم ، بلرام نائیک، مکھن سنگھ وغیرہ موجود تھے۔