پنچایت انتخابات کے تینوں مرحلے میں ٹی آر ایس کی لہر : کویتا
نظام آباد :30؍ جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)آخری مرحلہ کے گرام پنچایت انتخابات کے موقع پر رکن پارلیمنٹ نظام آباد شریمتی کے کویتا نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ حاصل کیا ۔ رکن پارلیمنٹ کے کویتا کا ووٹ ان کے آبائی مقام نوی پیٹ منڈل کے پوتنگل میں ہے اور اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیلئے یہ اپنے خسر ٹی آرایس کے ریاستی قائد رام کشن رائو کے ہمراہ پولنگ مرکز پہنچ کر قطار میں ٹھہر کر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ۔ بعدازاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے کویتا نے کہا کہ تینوں مرحلوں میں ٹی آرایس پارٹی سے وابستہ سرپنچوں نے بڑے پیمانے پر کامیابی حاصل کی ہے ۔ چند مقامات پر ٹی آرایس کے امیدواروں کے درمیان ہی مقابلہ کے باعث ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ تیسرے مرحلہ کی رائے دہندوں میں جوش و خروش دیکھا گیا اور تیسرے مرحلہ میں بھی بڑے پیمانے پر ٹی آرایس کے امیدوار کامیاب ہونے کے امکانات ظاہر کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت کے فلاحی کاموں کے بہتر نتائج کے باعث عوام ٹی آرایس کے حق میں بڑے پیمانے پر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرتے ہوئے ٹی آرایس سرپنچوں کو منتخب کررہی ہے ۔