نئی دہلی ، 20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پارلیمنٹ نے آج دو کلیدی بلوں کو منظور کرلیا، جو این ڈی اے حکومت کے اصلاحات ایجنڈے کا حصہ ہیں، جبکہ اپوزیشن کے اتحاد کو توڑا گیا اور متعدد غیراین ڈی اے پارٹیوں نے ان قانون سازیوں کی راجیہ سبھا میں تائید کی، جہاں برسراقتدار مخلوط کی عددی طاقت کم ہے۔ کانیں اور معدنیات (فروغ اور باقاعدگی) ترمیمی بل 2015ء اور کوئلہ کانوں (خصوصی گنجائشیں) بل 2015ء کو پارلیمنٹ کی عین وقت پر منظوری مل گئی کیونکہ آج بجٹ سیشن کے پہلے نصف کا آخری دن رہا اور ان بلوں کے بارے میں آرڈیننس 5 اپریل کو بے اثر ہونے والے تھے۔ یہ دونوں بل جن پر برسراقتدار اور اپوزیشن کی بنچوں میںسخت اختلاف پیدا ہوگیا تھا، عملاً چند منٹ میں منظور کرلئے گئے کیونکہ کئی غیراین ڈی اے پارٹیوں نے حکومت کی تائید کردی۔