نئی دہلی ۔ 25 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) یوتھ کانگریس نے آج نریندر مودی حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ انتخابی وعدوں کی تکمیل میں مبینہ ناکامی پر کانگریس قائدین نے دھرنا منظم کرتے ہوئے نعرے لگائے۔ بعدازاں پولیس نے انہیں منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا۔ یوتھ کانگریس قائدین پارلیمنٹ کی جانب مارچ کرنے کی کوشش کررہے تھے۔ تقریباً 150 یوتھ کانگریس ورکرس کو جنترمنتر پر حراست میں لیا گیا۔ پولیس کے ساتھ جھڑپ کے بعد انہیں پولیس نے حراست میں لیا۔ 12 ریاستوں سے تعلق رکھنے والے یوتھ کانگریس قائدین دارالحکومت دہلی میں جن آکروش ریالی میں حصہ لیتے ہوئے حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔ اس ریالی کو کانگریس نے منعقد کیا تھا جس میں بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کی ناکامیوں کو آشکار کیا گیا۔ پولیس نے احتجاجوں پر لاٹھی چارج کرنے کے بعد انہیں آگے بڑھنے سے روکنے کی کوشش کی۔ صبح 11 بجے کے قریب یہ ریالی پارلیمنٹ کی جانب بڑھ رہی تھی۔ پولیس رکاوٹوں کو توڑ کر پارلیمنٹ اسٹریٹ پر کانگریس یوتھ قائدین آگے بڑھنے کی کوشش کررہے تھے۔ احتجاجوں کو حراست میں لے کر پولیس اسٹیشن لایا گیا۔ بعدازاں انہیں رہا کردیا گیا۔ اس ریالی کا مقصد انتخابی وعدوں پر عمل آوری میں ناکامی اور ہندوستانی رائے دہندوں کو دھوکہ دینے کے خلاف احتجاج درج کرنا تھا۔ قائدین نے دیش نہیں جھکنے دیں گے کے نعرے لگائے۔